صوبے میں محفوظ، پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں‘مریم نواز

لاہور (این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں محفوظ، پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، پنجاب میں نقل وحمل کی اہمیت اجاگر کرنے، سب کیلئے قابل رسائی اور پائیدار ٹرانسپورٹ سسٹم لانچ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹرانسپورٹ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ رابطے، تجارت، اقتصادی ترقی اور روزگار کے فروغ کیلئے ٹرانسپورٹ ناگزیر ہے۔ ٹرانسپورٹ معیشت، تجارت اور معاشرتی رابطوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بارپائیدار اور قابل رسائی الیکٹرک بس پراجیکٹ شروع کیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، وزیر آباد اور فیصل آباد کے شہری الیکٹرک بس سروس میں 20 روپے میں سفرکرسکتے ہیں۔ خواتین، بزرگوں اور معذور افراد الیکٹرک بس سروس میں مفت سفر کی سہولت میسر ہے۔ لاہورکے شہریوں کیلئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ٹرام ٹرین چلانے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور تا اسلام آباد بلٹ ٹرین کے فریم ورک پر پنجاب حکومت تیزی سے کام کررہی ہے۔ راولپنڈی تا مری سیاحوں کی سفری آسانی کیلئے گلاس ٹرین بھی متعارف کررہے ہیں۔ 20 ہزار کلومیٹر سے زائد پورے پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت مکمل کر لی گئی ہے۔ پائیدار ٹرانسپورٹ کے ذریعے ترقی اور تجارتی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے گرین ٹرانسپورٹ کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ سیلاب کی وجہ سے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی تیزی سے بحالی پر کام کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں