صحافت متعلقہ حکام کو جوابدہ بنانے،متنوع آوازوں کو سننے کیلئے حکومت،عوام کے درمیان پْل کا کردار ادا کر رہی ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جمہوریت اور آزاد صحافت ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر صحافت متعلقہ حکام کو جوابدہ بنانے اور متنوع آوازوں کو سننے کیلئے حکومت اور عوام کے درمیان ایک پْل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہر نیا دور اپنے ساتھ نئی??اقدار اور روایات لاتا ہے جسکے نتیجے میں نئے تقاضوں اور ضرورتوں کو جنم ملتا ہے۔ میڈیا اینڈ جرنلزم انڈسٹری کو بھی آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سوشل میڈیا کی تیزرفتار ترقی کے تناظر میں بڑے چیلنجز کا سامنا ہیں۔ متعلقہ اور موثر رہنے کیلئے میڈیا اینڈ جرنلزم سے وابستہ افراد اگر جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت پیدا کرنے اور اپنی ذہنی سطح بلند کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائیں تو ان کیلئے متعدد خطرات و خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنرہاوس کوئٹہ میں سماء ٹی وی کے بیورو چیف جلال نورزئی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. ملاقات میں بلوچستان کے سینئر جرنلسٹ شہزادہ ذوالفقار اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ انسان کا رشتہ قلم اور کاغذ کے ساتھ ہمیشہ کیلئے ختم ہو رہا ہے گویا ہم پین لیس اور پیپر لیس مستقبل میں داخل ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں میڈیا اینڈ جرنلزم کا پورا منظرنامہ ایک گہری تبدیلی سے گزر رہا ہے۔ دنیابھر کے بڑے میڈیا ہاؤسز میں بھی ڈاون سائزنگ کا سلسلہ جاری ہے جو اس تبدیلی کا واضح ثبوت ہے کیونکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیجیٹل لٹریسی کی وجہ سے تمام روایتی کاروباری ماڈلز اب قصہ پارینہ بن رہے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ہم حالات کی نبض پر ہاتھ رکھ کر بدلتی ہوئی حرکیات کو سمجھیں اور ایک جامع حکمت عملی تیار کریں۔ یہ بات واضح ہے کہ ہماری موافقت اور ارتقاء کی صلاحیت میڈیا کے مستقبل کا تعین کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں