کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاک بحریہ کی جانب سے جدید ایل وائی 80 (LY-80) دفاعی میزائل کے کامیاب تجربے پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے قومی دفاع کے لیے ایک بڑی اور اہم کامیابی قرار دیا ہے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایل وائی 80 میزائل کا کامیاب تجربہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی سائنسدان، انجینئرز اور افواجِ پاکستان جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صلاحیتوں میں کسی سے پیچھے نہیں۔ انہوں نے اس تاریخی کامیابی میں حصہ لینے والے سائنسدانوں، پاک بحریہ کے افسران و جوانوں اور تمام متعلقہ ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ ملکی سلامتی کے تحفظ میں کلیدی اور قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور حالیہ میزائل تجربہ بھی اسی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سائنسدانوں کی انتھک محنت اور لگن کے باعث دفاعی شعبے میں ملک کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا ہے، جس کا اعتراف دنیا کرتی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ افواجِ پاکستان، سائنسدانوں اور انجینئرز کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت پاکستان کا دفاع مضبوط، مؤثر اور ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے، اور پوری قوم اپنی مسلح افواج اور دفاعی اداروں پر فخر کرتی ہے۔

