عمران یونس:پنجاب کے کالجز میں عارضی اساتذہ کی بھرتی اور کنٹریکٹ میں توسیع کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی ہے۔
نئی پالیسی کے تحت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عارضی اساتذہ کو دوبارہ بھرتی کے مرحلے سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ ان کے کنٹریکٹ میں توسیع کی جائے گی۔
عارضی اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کی ذمہ داری کالجز کے سربراہان کو سونپی گئی ہے۔ اساتذہ کی کارکردگی کو 5 مختلف پیمانوں پر پرکھا جائے گا، جن میں طلبہ کے نتائج، کردار، حاضری اور نظم و ضبط سمیت دیگر عوامل شامل ہوں گے۔
حکام کے مطابق بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عارضی اساتذہ کو برقرار رکھا جائے گا، جبکہ ناقص کارکردگی کے حامل اساتذہ کی جگہ نئے اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے۔ عارضی اساتذہ کی کارکردگی سے متعلق تمام ڈیٹا مرکزی سطح پر بھی جمع کیا جائے گا۔
پنجاب کے کالجز میں یکم ستمبر سے نئی کلاسز کا آغاز ہوگا، جہاں اس وقت تقریباً 8 ہزار عارضی اساتذہ تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

