PTIکا حکومتی اعتراض مسترد کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کے نام پر قائم رہنے کا فیصلہ

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی اعتراض مسترد کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کے لئے محمود خان اچکزئی کے نام پر قائم رہنے کا فیصلہ کیاہے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نشست کے معاملہ پرقومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کا نام دیا گیا تھا، حکومت نے محمود خان اچکزئی کے نام پر اعتراض اٹھاتے ہوئے چیف وہیپ عامر ڈوگر کو خط لکھ دیا تاہم پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر کے لئے محمود خان اچکزئی کے نام پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر سے مشاورت کے بعد خط کا جواب دیا جائے گا، ہمارا اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کا نام فائنل ہے۔عامر ڈوگرنے کہا کہ بانی تحریک انصاف سے مشاورت کے بعد محمود خان اچکزئی کا نام دیا گیا تھا، اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا، عامر ڈوگرنے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے اپوزیشن لیڈر کی نشست خالی ہے جس دوران ستائیسویں ترمیم کو پاس کرایا گیا۔انہوں نیکہا کہ محمود خان اچکزئی آئینی طور پر اسمبلی کا حصہ ہیں انکے نام پر اعتراض کا کوئی جواز نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا آئینی حق ہے اس میں حکومت کو تاخیر نہیں کرنی چاہیئے،اس نام پر بانی تحریک انصاف سے مشاورت ہو چکی، دوبارہ مشاورت نہیں ہو گی،انہوں نیکہا کہ قومی اسمبلی سیکٹریٹ کے خط کا جواب دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں