کوئٹہ،بلدیاتی انتخابات 2025 کی تیاری کے سلسلے میں دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان میں ماسٹر ٹرینرز کی تین روزہ ٹریننگ مکمل

کوئٹہ (این این آئی) کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات 2025 کی تیاری کے سلسلے میں دفترِ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان میں ماسٹر ٹرینرز کی تین روزہ ٹریننگ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ اختتامی تقریب میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال بھی موجود تھے، جبکہ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (الیکشن) سید وسیم احمد جعفری،ڈائریکٹر ٹریننگ الیکشن کمیشن آف پاکستان ساجد علی، ڈائریکٹر ایڈمن نعیم احمد اور 24 ماسٹر ٹرینرز نے بھی شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر جناب علی اصغر سیال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تربیت مکمل کرنے والے ٹرینرز انتخابی عملے کی استعداد کار میں اضافہ کرنے اور آزاد، منصفانہ و شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ یاد رہے یہ تربیتی سیشن انتخابات میں شفافیت اور مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے ماسٹر ٹرینرز میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں