ملتان(این این آئی)وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی نے ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں ملک بھر میں دوسری جبکہ صوبہ پنجاب میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے نمایاں اعزاز اپنے نام کیا ہے، جو ادارے کی علمی و تحقیقی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وہ منگل کوبہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے 20ویں کانووکیشن کی تقریب سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تعلیم قومی ترقی کی بنیاد اور مضبوط معاشرے کی ضمانت ہے۔ نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل ہوتے ہیں، اس لیے طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، معیاری اور تحقیق پر مبنی تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جامعات میں تحقیق، جدت اور انڈسٹری روابط کو مضبوط بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاکستانی جامعات عالمی سطح پر مزید نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔ وزیرِ مملکت نے فارغ التحصیل طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ڈگری محض کاغذ نہیں بلکہ ایک بڑی سماجی و قومی ذمہ داری ہے، اس لیے طلبہ محنت، دیانت اور لگن کو شعار بنائیں اور عملی زندگی میں ملک و قوم کا نام روشن کریں۔وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے زور دیا کہ نوجوان ملکی معیشت کی مضبوطی، ٹیکنالوجی کے فروغ اور قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں کیونکہ پاکستان کا روشن مستقبل باصلاحیت نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ انہوں نے خواتین کی تعلیم کے فروغ کو حکومت کی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں متعدد تعلیمی و فلاحی پروگرامز جاری ہیں۔ وزیرِ مملکت نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال نے اپنے خطاب میں جامعہ کی تعلیمی، تحقیقی اور ہم نصابی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں اس وقت انڈر گریجویٹ سطح کے 126 جبکہ گریجویٹ سطح کے 70 تعلیمی پروگرامز جاری ہیں۔ جامعہ میں 10 فیکلٹیز اور 80 شعبے تدریسی و تحقیقی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ فیکلٹی ممبران کی مجموعی تعداد 618 ہے۔ یونیورسٹی کے 2 سب کیمپس بھی فعال طور پر تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی جامعاتی درجہ بندی 2026 میں یونیورسٹی نے پاکستان میں دوسری اور پنجاب میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ عالمی سطح پر جامعہ کی درجہ بندی 600 تا 800 کے درمیان رہی جبکہ گزشتہ سال کی نسبت 400 پوائنٹس کی نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔وائس چانسلر نے کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بین الاقوامی مقابلوں میں طلبہ نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ جامعہ کی 5 طالبات قومی ٹیم کا حصہ بنیں جبکہ مزید 2 طالبات نے بھی قومی سطح پر نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔کانووکیشن میں بی ایس پروگرام کی 360 طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا جبکہ مجموعی طور پر 20ویں کانووکیشن میں 14 ہزار 261 گریجویٹس کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی مقصوداں انصاری، اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو بھرپور داد دی گئی۔

