سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کے ہاتھوں 79 نئے کنٹریکٹ اساتذہ میں تقرری آرڈرز کی تقسیم

حب ( رپورٹر) چیئرپرسن سینٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ضلع حب میں منعقدہ ایک پروقار اور باوقار تقریب کے دوران کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی ہونے والے 79 نئے اساتذہ میں تقرری آرڈرز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حب اسماعیل ابراہیم، ایس ایس پی حب سید فاضل بخاری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حب رحیم بلیدی، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، سماجی شخصیات اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ تعلیم کسی بھی مہذب اور باشعور معاشرے کی اساس ہوتی ہے اور اقوام کی ترقی و خوشحالی کا انحصار معیاری تعلیم پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی نئی نسل کو مضبوط بنیاد فراہم کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں تعلیمی شعبے کو مستحکم بنانا ہوگا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے اور اس عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے کہ صوبے کے دور دراز علاقوں سمیت ہر بچے تک معیاری تعلیم کی سہولت پہنچائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ بدلتے ہوئے حالات اور مستقبل کے چیلنجز کا اعتماد کے ساتھ مقابلہ کر سکیں۔ نئے تعینات ہونے والے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ استاد محض ایک سرکاری ملازم نہیں بلکہ قوم کا معمار ہوتا ہے۔ آپ کی محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ لگن ہی آنے والی نسلوں کے کردار اور مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام اساتذہ اپنی ذمہ داریاں احساس اور ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں گے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ بھی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے اور تعلیمی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر حب اسماعیل ابراہیم نے بھی خطاب کیا اور تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ محکمہ تعلیم کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ تعلیمی اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ نے سینیٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور خلوص نیت کے ساتھ انجام دیں گے اور تعلیمی میدان میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں