کراچی (این این آئی) پاکستان بزنس نیٹ ورک کے صدر عمر بٹ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان حالیہ ملاقات سے پاکستان اور اس خطے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ یہ ملاقات جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر کے اہم ممالک میں انتہائی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اسے نہ صرف پاک امریکہ تعلقات کی بحالی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے بلکہ جنوبی ایشیا میں استحکام تعاون اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولنے کی کوشش بھی سمجھا جا رہا ہے۔عمر بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی جب پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن میں اقتصادی دبا سکیورٹی خدشات اور علاقائی کشیدگی شامل ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی متوازن دور اندیش اور قومی مفاد پر مبنی قیادت نے اس ملاقات کو رسمی گفتگو کے بجائے ایک عملی اور اسٹریٹجک پیش رفت میں تبدیل کر دیا۔ انہوں نے پاکستان کے موقف امن کی خواہش اور ترقیاتی ترجیحات کو موثر انداز میں پیش کیاجس پر صدر ٹرمپ نے تعاون پر آمادگی ظاہر کی۔عمر بٹ نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران تجارتی تعلقات انسداد دہشت گردی افغان صورتحال اور توانائی و انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔دونوں رہنماں نے اتفاق کیا کہ خطے میں امن و امان اور استحکام کے لیے معاشی شراکت داری اور اعتماد سازی کے اقدامات کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ اس حوالے سے پاکستان کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا گیا۔انھوں نے کہا کہ یہ ملاقات پاکستان کے لیے کئی حوالوں سے نفع بخش ہو سکتی ہے۔ ایک طرف اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مقف مضبوط ہوا ہے تو دوسری جانب امریکی سیاسی حلقوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئے زاویے سے دیکھا جارہا ہے۔ پاکستان اور دیگر ممالک میں عاصم منیر کی اسٹریٹجک بصیرت اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی سفارتی فعالیت کو سراہا جا رہا ہے جو پاکستان کو ایک ذمہ دار بااعتماد اور مثر ریاست کے طور پر پیش کررہا ہے۔ اس ملاقات سے ایک واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان عالمی برادری سے تنہا نہیں اور شراکت داری کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اعلی سطحی سفارتی روابط سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات غیر ملکی سرمایہ کاری، تجارتی مواقع اور دوطرفہ ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کا باعث بنے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قومی ترقی اور عالمی شراکت داری کی کوششوں کا ساتھ دیں۔

