کراچی (این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صوبائی صدر شاہی سید نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں چنگچی رکشہ ٹرانسپورٹ پر پابندی محض ایک انتظامی فیصلہ نہیں، بلکہ اس کے ذریعے ہزاروں غریب خاندانوں کی معیشت کو شدید خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چنگچی رکشہ ایک سستا، عام فہم اور قابل رسائی سفری ذریعہ ہے جو روزانہ کراچی کے ہزاروں شہریوں کو دفاتر، اسکولوں، ہسپتالوں اور بازاروں تک پہنچاتا ہے۔ایسے میں جب کہ صوبائی حکومت خود کراچی جیسے میگا سٹی کو متبادل ٹرانسپورٹ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے، وہاں عوام سے یہ سہولت چھین لینا غیر منصفانہ اور غریب دشمن اقدام ہے۔شاہی سید نے مزید کہا کہ منی ٹرانسپورٹ سے وابستہ ہزاروں ڈرائیورز، مالکان اور محنت کش پہلے ہی بدترین معاشی حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے میں حکومت کی یہ پابندی انہیں مزید بے روزگاری، فاقہ کشی اور معاشی تباہی کی طرف دھکیل دے گی۔انہوں نے کہا کہ چنگچی رکشہ ٹرانسپورٹ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو روکے۔ یک جامع اور قابل عمل متبادل ٹرانسپورٹ منصوبہ پیش کرے۔ منی ٹرانسپورٹ سے منسلک افراد کے لیے روزگار کے تحفظ اور نئے مواقع فراہم کرے۔ شاہی سید نے مذید کہا کہ کراچی جیسے کروڑوں کی آبادی والے شہر میں ٹریفک کا مسئلہ بلاشبہ ایک سنجیدہ چیلنج ہے، مگر ٹریفک کی خرابی کا تمام ملبہ چنگچی رکشہ ڈرائیورز پر ڈالنا حقیقت سے انکار کے مترادف ہے۔ شہر میں ٹریفک کے مسائل کی اصل وجوہات میں تجاوزات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناسمجھی، اور حکومتی نگرانی کی ناکامی شامل ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی شہر کو درپیش ٹریفک مسائل سے بخوبی واقف ہے، مگر ان مسائل کا حل سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر ایک ماسٹر پلان کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

