وزیراعظم کا پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیر مقدم، پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ہے ، شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیر مقدم کرتےہوئے کہا ہے کہ آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ہے ۔

جمعہ کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائرقتار اور ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے مشکور ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں، ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ترک وزیر توانائی نے ان کے اور وفد کا پاکستان میں پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر توانائی نے کہا کہ ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے، ترک تحقیقی جہاز اورچ رئیس سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا۔

ترک وزیر توانائی نے کہا کہ منصوبے کے تحت حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ترکیہ کے وفد میں ترک پارلیمنٹ کے ممبر اور پاکستان-ترکیہ دوستی گروپ کے صدر علی شاہین، ترکیہ کے پاکستان میں سفیر عرفان نذیر اوغلو اور ترکیہ کے وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جنید انوار چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک اور سردار اویس احمد خان لغاری، مشیر وزیر اعظم محمد علی اور معاونین خصوصی طارق فاطمی اور لیفٹینٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد ظفر اقبال بھی عشائیہ میں موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں