اسلام آباد:اکادمی ادبیات پاکستان کے زیرِ اہتمام یومِ ولادتِ شاعرِ مشرق حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کے سلسلے میں سیمینار بعنوان ’’فکرِ اقبال: عصرِ حاضر کے تناظر میں‘‘ جمعہ کو شیخ ایاز کانفرنس ہال، اکادمی ادبیات پاکستان، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ تقریب کے پہلے حصےسیمینارکی صدارت معروف شاعر و ادیب پروفیسر ڈاکٹر احسان اکبر نے کی جبکہ دوسرے حصے مشاعرہ بیادِ اقبال کی صدارت معروف شاعر علی اکبر عباس نے کی جبکہ کلیدی خطاب معروف ادیب، صحافی اور چیئرمین رحمت للعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی خورشید ندیم نے کیا۔اپنے کلیدی خطاب میں خورشید ندیم نے فکرِ اقبال کے مختلف پہلوؤں اور عصرِ حاضر میں ان کی معنویت پر جامع گفتگو کرتے ہوئے اقبال کے تصورِ خودی، خود شناسی، عمل، اجتہاد اور فکری بیداری کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام محض شاعری یا فلسفے تک محدود نہیں بلکہ یہ فرد اور معاشرے کی فکری، اخلاقی اور عملی تشکیل کا ایک جامع تصور پیش کرتا ہے، اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانوں کو خود اعتمادی، بلند نگاہی، مسلسل جدوجہد اور اپنی تہذیبی و ملی شناخت کا شعور دیا، آج کے حالات میں فکرِ اقبال سے رہنمائی حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم ان کے افکار کو محض پڑھنے اور دہرانے کے بجائے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں بھی اپنائیں۔اس موقع پر آمنہ ارشد نے نہایت عمدگی اور خوب صورت انداز میں کلامِ اقبال پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور بھرپور داد دی۔ تقریب کی نظامت معروف شاعرہ ڈاکٹر مہناز انجم نے انجام دی۔
انہوں نے سیمینار کے موضوع اور فکرِ اقبال کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مشاعرے کی کارروائی بھی آگے بڑھائی ۔سیمینار کے بعد مشاعر ہ بیادِ اقبال صدارت معروف شاعر علی اکبر عباس نے کی۔ مشاعرے کا آغاز ڈاکٹر مہناز انجم نے اپنے کلام سے کیا جبکہ احمد معاذ، طیب اللہ خان، محمد رضوان، فرزند علی ہاشمی، اکبر نیازی، مبشر سلیم، شاہد اقبال، تنویر حیدر، ذاکر رحمان، نصرت یاب نصرت، منیر فیاض، راشد سلیم، اقبال حسین افکار، یونس مجاز، ڈاکٹر ف۔ رفیع الدین صدیقی، افشاں عباسی، عائشہ مسعود اور ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد نے اپنا منتخب کلام پیش کیا۔ شعراء نے اپنے اشعار کے ذریعے علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف موضوعات پر اپنا تخلیقی کلام بھی پیش کیا۔ مشاعرے میں شعراء کے کلام کو حاضرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ۔آخر میں صدرِ مشاعرہ علی اکبر عباس نے اپنے صدارتی کلمات میں فکرِ اقبال کی ادبی، فکری اور تہذیبی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری محض جذبات و احساسات کا اظہار نہیں بلکہ ایک زندہ فکری روایت اور عملی پیغام ہے۔ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے انسان کو اپنی ذات کی پہچان، بلند مقاصد کے حصول اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔
انہوں نے اپنے کلام سے بھی سامعین کو محظوظ کیا۔تقریب میں اہلِ علم و ادب، شعراء، ادیبوں اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ سیمینار اور مشاعرے کے انعقاد کا مقصد فکرِ اقبال کو عصرِ حاضر کے تناظر میں اجاگر کرنا اور نئی نسل میں اقبال کے فکری و ادبی ورثے سے وابستگی کو فروغ دینا تھا۔

