وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اجلاس، زیتون کے شعبے کی مکمل ویلیو چین کو مضبوط بنانے پر تفصیلی غور

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت زیتون کے شعبے میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور ملک میں زیتون کی کاشت کو معاشی طور پر پائیدار، مسابقتی اور برآمدات پر مبنی صنعت میں تبدیل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ زیتون کے شعبے کی مکمل ویلیو چین کو مضبوط بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا جس میں تصدیق شدہ پودوں کی پیداوار، کاشت، برداشت، پراسیسنگ، معیار کی جانچ، پیکجنگ، برانڈنگ اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی شامل ہیں۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے زور دیا کہ پاکستان میں زیتون کی ترقی کا پروگرام محض پودوں کی تقسیم تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کی توجہ پیداواری باغات کے فروغ، کسانوں کی آمدن میں اضافے، پراسیسنگ کی جدید سہولیات اور زیتون کی تجارتی بنیادوں پر کامیاب پیداوار پر مرکوز ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ زیتون کے ترقیاتی پروگرام کی کامیابی کا تعین صرف تقسیم کیے گئے پودوں کی تعداد سے نہیں بلکہ پھل دینے والے درختوں، زیتون کے تیل کی پیداوار اور معیار، کسانوں کو حاصل ہونے والے معاشی فوائد اور قومی معیشت میں اس شعبے کے حقیقی کردار سے کیا جانا چاہیے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں اب تک تقریباً 76 لاکھ زیتون کے پودے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ سالانہ تقریباً 6 سے 7 لاکھ پودے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ تقسیم شدہ پودوں کی بقاء کی شرح، زیر کاشت پیداواری رقبے اور پھل دینے والے درختوں کی تعداد کا جامع جائزہ لیا جائے تاکہ ماضی میں کیے گئے اقدامات کے حقیقی نتائج اور معاشی اثرات کا تعین کیا جا سکے۔ زیتون کی کاشت، برداشت، پراسیسنگ، پیکجنگ، ذخیرہ اندوزی اور مارکیٹنگ کو مربوط بنانے کے لیے سات زیتون کلسٹرز کی ترقی کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے بلوچستان کے علاقے لورالائی، چولستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت موزوں علاقوں میں کلسٹرز کی بنیاد پر زیتون کی کاشت کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ۔انہوں نے زیتون کے موجودہ ترقیاتی منصوبے کے پی سی ون میں فوری نظرثانی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ خطہ پوٹھوہار کو دوبارہ منصوبے میں شامل کیا جا سکے جو پہلے اس منصوبے کا حصہ تھا لیکن بعد میں اسے خارج کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ زیتون کی کاشت میں مستقبل کی توسیع زرعی و موسمی حالات، پانی کی دستیابی، پیداواری صلاحیت اور تجارتی امکانات کے سائنسی جائزے کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔وفاقی وزیر نے زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے والی اقسام، پانی کے موثر استعمال پر مبنی جدید آبپاشی نظام اور تصدیق شدہ پودوں کی فراہمی کو ترجیح دینے کی ہدایت کی تاکہ گرم علاقوں میں زیتون کی پیداوار کو بہتر اور پائیدار بنایا جا سکے۔اجلاس میں مراکش کی زیتون کی اقسام کو زیادہ درجہ حرارت والے علاقوں کے لیے ایک ممکنہ متبادل کے طور پر زیر غور لایا گیا تاہم ان کی مقامی موسمی اور زرعی حالات سے مطابقت کو ضروری قرار دیا گیا۔زیتون کی کاشت کو تجارتی بنیادوں پر کامیاب بنانے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ کسانوں کو قابل اعتماد خریداروں، قریبی پراسیسنگ مراکز اور موثر مارکیٹنگ سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ زیتون کی کاشت ان کے لیے مستقل اور منافع بخش ذریعہ آمدن بن سکے۔انہوں نے زور دیا کہ زیتون کی مکمل ویلیو چین کی ترقی ہی پاکستان میں زیتون کے بڑھتے ہوئے باغات کو ایک کامیاب تجارتی صنعت میں تبدیل کر سکتی ہے۔رانا تنویر حسین نے زیتون کی پراسیسنگ، پیکجنگ، برانڈنگ، مارکیٹنگ اور سرمایہ کاری میں نجی شعبے کی بھرپور شمولیت کو ناگزیر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی کردار انفراسٹرکچر، تکنیکی معاونت، سرٹیفکیشن، استعداد کار میں اضافے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہونا چاہیے جبکہ تجارتی سرگرمیوں میں نجی شعبے کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر میں مختلف استعداد کے تقریباً 56 زیتون کے تیل کے استخراجی یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔ تاہم ان یونٹس کی جغرافیائی تقسیم، کسانوں کی رسائی، فصل کی برداشت کے موسم میں پراسیسنگ کے دبائو، مشینری کی کارکردگی اور دیکھ بھال سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی گئی۔وفاقی وزیر نے موجودہ استخراجی یونٹس کی استعداد اور کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ایسے علاقوں میں نئی پراسیسنگ سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا جہاں زیتون کی پیداوار موجود ہے لیکن پراسیسنگ کی سہولیات ناکافی ہیں۔

اجلاس میں موجودہ یونٹس کی اپ گریڈیشن، اضافی مشینری کی تنصیب اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے مالی معاونت کے مختلف طریقوں پر غور کیا گیا۔س سلسلے میں اہل درخواست گزاروں کو زیتون کے تیل کی استخراجی مشینری کی خریداری کے لیے 50 فیصد گرانٹ فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی تاکہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور پراسیسنگ کی مجموعی استعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ مشینری کی فراہمی کے ساتھ اس کی فروخت کے بعد تکنیکی خدمات، سپیئر پارٹس کی دستیابی، باقاعدہ دیکھ بھال اور تربیت یافتہ آپریٹرز کی موجودگی بھی یقینی بنائی جائے تاکہ پراسیسنگ یونٹس بلا تعطل کام کر سکیں۔انہوں نے زیتون کی باقیات سے تیل نکالنے، فلٹریشن اور دیگر ویلیو ایڈیشن سہولیات کے قیام کی اہمیت بھی اجاگر کی تاکہ ضیاع میں کمی، وسائل کے بہتر استعمال اور کسانوں و پراسیسرز کے منافع میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔زیتون کی نرسریوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت 11 نرسریاں رجسٹرڈ ہیں جبکہ دیگر نرسریوں کی رجسٹریشن، سرٹیفکیشن اور پیداواری استعداد کا مزید جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔رانا تنویر حسین نے نرسریوں کی منظوری، پودوں کی شناخت اور ان کے ماخذ کی تصدیق، معیار کی نگرانی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سرٹیفکیشن کے نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے ایف ایس سی اینڈ آر ڈی، این ایس ڈی آر اے، متعلقہ صوبائی اداروں اور زرعی تحقیقاتی اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کسانوں کو معیاری اور تصدیق شدہ زیتون کے پودوں کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ ہائے زراعت کو رجسٹرڈ نرسریوں کی تازہ ترین فہرستیں فراہم کی جائیں جبکہ رجسٹریشن کی زیر التواء درخواستوں کا متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق جلد جائزہ لے کر انہیں نمٹایا جائے۔

اجلاس میں نجی شعبے کی نرسریوں کی حوصلہ افزائی اور پودوں کی افزائش کے لیے مخصوص مراکز کے قیام پر بھی غور کیا گیا تاکہ ملک میں معیاری زیتون کے پودوں کی مقامی پیداوار بڑھائی جا سکے اور بیرونی ذرائع پر انحصار کم ہو۔زیتون کے تیل کے معیار کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن کی سہولیات کا قیام صارفین کے اعتماد میں اضافے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے انتہائی اہم ہے۔اجلاس میں چار لیبارٹریوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جن میں قومی زرعی تحقیقاتی مرکز (این اے آر سی)، ترناب اور دیگر متعلقہ اداروں سے وابستہ سہولیات شامل ہیں۔رانا تنویر حسین نے لیبارٹریوں کے بنیادی ڈھانچے، تکنیکی مہارت، جانچ کے طریقہ کار اور بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان میں تیار ہونے والا زیتون کا تیل عالمی معیار، درجہ بندی اور برآمدی تقاضوں پر پورا اتر سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صرف زیتون کے زیر کاشت رقبے میں اضافے پر انحصار کرنے کے بجائے اعلیٰ معیار کے زیتون کے تیل کی پیداوار پر توجہ دینی چاہیے تاکہ ملکی مصنوعات بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقت کر سکیں۔اجلاس میں زیتون کے تیل کی استخراجی مشینری چلانے والے تربیت یافتہ تکنیکی عملے کی کمی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے جدید استخراجی مشینری کے آپریشن، دیکھ بھال، خرابیوں کی تشخیص اور پراسیسنگ کی جدید تکنیکوں میں خصوصی مہارت پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اجلاس میں منتخب انجینئرز اور تکنیکی عملے کو اٹلی اور ترکیہ جیسے ممالک میں خصوصی تربیت فراہم کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا جہاں زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ کے شعبے میں وسیع تجربہ اور مہارت موجود ہے۔اس کے علاوہ بین الاقوامی ماہرین کو پاکستان مدعو کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی تاکہ مقامی تکنیکی عملے کو عملی تربیت فراہم کی جا سکے اور ملک میں مشینری کی دیکھ بھال اور تکنیکی معاونت کا پائیدار نظام قائم کیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون کا بنیادی مقصد ملک کے اندر مستقل تکنیکی صلاحیت پیدا کرنا ہونا چاہیے۔

انہوں نے معیاری نصاب، تکنیکی رہنما کتابچوں، عملی تربیتی مراکز اور سرٹیفکیشن کے طریقہ کار پر مشتمل ایک منظم قومی تربیتی پروگرام کی ضرورت پر زور دیا۔جلاس میں مقامی تربیتی اداروں کی استعداد بڑھانے اور ہنرمند تکنیکی افرادی قوت تیار کرنے کو زیتون کی پراسیسنگ صنعت کی طویل المدتی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا گیا۔رانا تنویر حسین نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، زرعی تحقیقاتی اداروں، ریگولیٹری حکام، نجی سرمایہ کاروں، نرسری مالکان، پراسیسنگ یونٹس اور کسانوں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کے شعبے میں مستقبل کی سرمایہ کاری کو واضح اور قابل پیمائش نتائج سے منسلک کیا جانا چاہیے جن میں باغات کی پیداواری صلاحیت، کسانوں کا منافع، پراسیسنگ کی کارکردگی، معیار کی تصدیق، نجی سرمایہ کاری اور منڈیوں تک رسائی شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں زیتون کی ترقی کی حکمت عملی کو محض شجرکاری اور پودوں کی تقسیم سے آگے بڑھاتے ہوئے ایک معاشی طور پر پائیدار، معیاری اور برآمدات پر مبنی صنعت کی تشکیل پر مرکوز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ زیتون کے شعبے کی ترقی کے اگلے مرحلے میں پیداواری باغات، تصدیق شدہ نرسریوں، مربوط زیتون کلسٹرز، جدید استخراجی مراکز، بین الاقوامی معیار کی حامل لیبارٹریوں، تربیت یافتہ تکنیکی عملے اور ملکی و عالمی منڈیوں کے ساتھ موثر روابط کو ترجیح دی جانی چاہیے۔رانا تنویر حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں زیتون کی صنعت کو ایک منافع بخش زرعی شعبے کے طور پر ترقی دینا ضروری ہے تاکہ کسانوں کی آمدن میں پائیدار اضافہ، روزگار کے نئے مواقع، نجی سرمایہ کاری کا فروغ، خوردنی تیل کی درآمدات پر انحصار میں کمی اور ملکی زرعی و معاشی ترقی میں موثر کردار یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر زیتون کے شعبے کی ترقی کے لیے مربوط حکمت عملی، موثر نگرانی، ادارہ جاتی تعاون اور قابل پیمائش معاشی نتائج کے حصول کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ پاکستان میں زیتون کی صنعت کو پائیدار، مسابقتی اور برآمدات کے قابل بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں