اسلام آباد:سینٹرل ترقیاتی ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے مجموعی طور پر 191.8 ارب روپے کی لاگت کے 11 ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے 19.3 ارب روپے مالیت کے 7 منصوبوں کی منظوری دے دی جبکہ 172.4 ارب روپے کے 4 منصوبے حتمی منظوری کے لئے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کو بھجوا دیئے۔اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں زراعت، بنیادی ڈھانچے، گورننس، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہنرمندی و روزگار، توانائی، ٹرانسپورٹ، مواصلات اور ماحولیات سمیت مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی، چیف اکانومسٹ، وائس چانسلر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس، پلاننگ کمیشن کے ارکان، وفاقی سیکرٹریز، صوبائی محکموں کے سربراہان اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔زراعت کے شعبے میں سی ڈی ڈبلیو پی نے پنجاب ریزیلینٹ اینڈ انکلوسیو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن (PRIAT) منصوبہ ایکنک کو بھجوانے کی سفارش کی جس کی لاگت 104.4 ارب روپے ہے۔
منصوبے کے لئے عالمی بینک 91 ارب 12 کروڑ روپے جبکہ حکومت پنجاب 13 ارب 31 کروڑ روپے فراہم کرے گی۔ منصوبے کا مقصد کسانوں کی آمدن میں اضافہ، زرعی پانی تک منصفانہ رسائی اور پانی کے مؤثر استعمال کو فروغ دینا ہے۔ اس کے تحت کھالوں کی پختگی و بحالی، آبپاشی کی نئی سکیمیں، شمسی توانائی سے چلنے والے جدید آبپاشی نظام، فارم سطح پر پانی ذخیرہ کرنے کے تالاب، معیاری بیجوں اور پودوں کی فراہمی اور فصلوں میں تنوع کے اقدامات شامل ہیں۔بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مروت رینج میں تابکار معدنیات کی تلاش کے منصوبے کی 1.4 ارب روپے کی لاگت سے منظوری دی گئی۔ منصوبے کی مالی معاونت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے ذریعے کی جائے گی، جس کا بنیادی مقصد جوہری توانائی کی پیداوار کے لیے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنا ہے۔گورننس کے شعبے میں مہاجرین کے انتظامی اداروں کو مضبوط بنانے کے منصوبے کے نظرثانی شدہ منصوبے کی 25 کروڑ 58 لاکھ روپے کی لاگت سے منظوری دی گئی۔ یہ منصوبہ وزارت امور کشمیر، گلگت بلتستان و سرحدی امور کے زیر انتظام عالمی بینک کی تکنیکی معاونت سے مکمل کیا جائے گا۔
صحت کے شعبے میں مظفرآباد میں میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید میڈیکل کالج (آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج) کے قیام سے متعلق ترمیم شدہ منصوبے کی منظوری دی گئی جس کی لاگت 3 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ منصوبے کے تحت میڈیکل کالج کی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلولر سروسز کی توسیع کے 4.4 ارب روپے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس نے وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام (2023-28) کے تیسرے نظرثانی شدہ منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اسے ایکنک کو بھجوانے کی سفارش کی۔ 47.6 ارب روپے کے اس منصوبے پر عملدرآمد نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک ) کرے گا۔ پروفیسر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ منصوبے کی لاگت کو معقول بنایا جائے اور مختلف اداروں کے کام میں تکرار سے گریز کیا جائے۔سی ڈی ڈبلیو پی نے سندھ یوتھ ایجوکیشن، ایمپلائمنٹ اینڈ ایمپاورمنٹ پراجیکٹ (YEEEP-Sindh) کی بھی 60 کروڑ روپے کی لاگت سے منظوری دی۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور متعلقہ فریقین 50، 50 فیصد کی بنیاد پر اس منصوبے کی مالی معاونت کریں گے۔
یہ منصوبہ سندھ کے 16 اضلاع میں نافذ کیا جائے گا جس کے تحت 15 ہزار نوجوانوں، جن میں تقریباً نصف خواتین ہوں گی، کو فنی تربیت، کاروباری مواقع، انٹرن شپ اور نجی شعبے میں روزگار کے حصول کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔منصوبے کے تحت گارمنٹس، آٹو موٹیو، تعمیرات، زراعت، توانائی، خدمات، سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر جدید شعبوں میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھائے جائیں گے جبکہ صنعتی اداروں کے اشتراک سے کیریئر کونسلنگ اور روزگار کے حصول میں معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے میں دو اہم سڑکوں کے منصوبے ایکنک کو بھجوانے کی سفارش کی گئی۔ ان میں سبی تا تلی (23.52 کلومیٹر) اور کوہلو تا رکھنی (85.16 کلومیٹر) سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا 11.1 ارب روپے کا نظرثانی شدہ منصوبہ جبکہ سوئی سے کشمور تک بلیک ٹاپ سڑک کی تعمیر کا 9.3 ارب روپے کا منصوبہ شامل ہے۔اجلاس میں پاک ایران سرحد پر دو بارڈر ٹرمینلز کے قیام کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔ ان میں بلوچستان کے ضلع چاغی میں تفتان بارڈر ٹرمینل کے قیام کا 4 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد کا منصوبہ اور گبد کے مقام پر بارڈر ٹرمینل کے قیام کا 4 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد کا منصوبہ شامل ہے۔
ان منصوبوں کا مقصد سرحد پار تجارت کو منظم بنانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، اسمگلنگ کی روک تھام، معیاری تجارت کو فروغ دینا اور پاکستان و ایران کے دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ قومی معیشت میں بہتری لانا ہے۔

