یونیورسٹی آف سرگودھا کا دو چینی جامعات کے تعاون کے معاہدے پر دستخط

سرگودھا(این این آئی) یونیورسٹی آف سرگودھا اور چین کی دو معروف جامعات کے درمیان تحقیق، تدریسی و طلبہ تبادلے اور ڈیجیٹل تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہو گئے۔ گوادر پرو کے مطابق پہلا معاہدہ چین کی ممتاز نانکائی یونیورسٹی کے ساتھ دستخط کیا گیا۔ یہ معاہدہ چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)ڈیجیٹل اکانومی فورم 2025 کے موقع پر ہوا، جہاں یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور نانکائی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر چن یولو کے درمیان ملاقات ہوئی۔ گوادر پرو کے مطابقملاقات کے دوران دونوں جامعات نے تحقیق میں باہمی تعاون، اساتذہ کے تبادلے اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دونوں شخصیات نے ایک دوسرے کو یادگاری تحائف بھی پیش کیے، جو تعلیمی روابط کے فروغ کی علامت قرار دیے گئے۔ایک اور پیش رفت کے تحت، یونیورسٹی آف سرگودھا کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنا اسٹڈیز اور جیانگ شی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سینٹر فار پاکستان اسٹڈی کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر دستخط پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان اور پروفیسر چینگ یوان نے کیے۔ گوادر پرو کے مطابقاس شراکت داری کا مقصد تعلیمی و ثقافتی تعاون کو فروغ دینا ہے، جس میں مشترکہ تحقیق، اساتذہ و طلبہ کے تبادلے کے پروگرام اور پاکستان-چین تعلقات پر مبنی مشترکہ منصوبے شامل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں