مسلم اسٹوڈنٹس لیگ کے تحت بچوں کے لیے سہ روزہ سمر کیمپ کا انعقاد

کراچی(این این آئی)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی ذیلی تنظیم مسلم کڈز اور مسلم اسٹوڈنٹس لیگ کراچی کے زیر اہتمام موسم گرما کی تعطیلات کو مفید بنانے کے لیے اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال میں سہ روزہ سمر کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں 8 تا 14 سالہ بچوں کو جسمانی، ذہنی اور اخلاقی تربیت فراہم کی گئی۔کیمپ میں ٹائیکوانڈو، آرچری، سیلف ڈیفنس، ٹگ آف وار اور دیگر دلچسپ گیمز کے ساتھ ساتھ دینی تربیت اور کردار سازی کے موضوعات پر تربیتی سیشنز کا اہتمام بھی کیا گیا۔ بچوں کو ایک روزہ تفریحی پکنک پر بھی لے جایا گیا۔کیمپ میں بچوں کے تربیتی و اصلاحی سیشنز سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا کہ بچوں کی شخصیت سازی قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ایسے کیمپس بچوں کو موبائل اور گیمز کی دنیا سے نکال کر حقیقت سے جوڑنے میں معاون ہوتے ہیں۔کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ آج کے بچے کل کے معمار ہیں، انہیں جسمانی اور فکری طور پر تیار کرنا ہمارا دینی و قومی فریضہ ہے۔صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے ہی ذہن و بدن کی نشوونما ممکن ہے۔کیمپ کے انچارج اور مسلم اسٹوڈنٹس لیگ کراچی کے صدر عزیز الرحمن نے کہا کہ یہ کیمپ بچوں کے لیے ایک یادگار اور بامقصد تجربہ رہا۔ ہم چاہتے ہیں کہ بچے اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں اور ایک باکردار شہری بنیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں