مظفرآباد(این این آئی) ناظم اعلیٰ تعلیمِ (نسواں)مظفرآباد آزاد جموں و کشمیر محترمہ تسنیم گل نے کہا ہے کہ بچیوں کی تعلیم بچوں سے بھی زیادہ اہم ہے کیونکہ ایک پڑھی لکھی ماں ہی ایک باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے۔ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بچیوں کے لیے کشمیر گرلز کیڈٹ کالج سٹلائیٹ ٹاؤن لنگرپورہ مظفرآباد کے قیام کو خوش آئند اور دور رس نتائج کا حامل اقدام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اس ادارے کی بھرپور سرپرستی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کرے گا بلکہ بچیوں کو ڈسپلن، قائدانہ صلاحیتوں اور جسمانی و ذہنی نشوونما کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی بچی کل کی ماں ہے، اور اگر ہم نے اپنی آنے والی نسل کو محفوظ، باشعور اور مضبوط پاکستان دینا ہے تو ہمیں لڑکیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر کشمیر گرلز کیڈٹ کالج میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ تسنیم گل نے کہا کہ اس ادارے کا قیام نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پورے خطے کی بچیوں کے لیے ایک نئے تعلیمی باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ادارے کے قیام میں کردار ادا کرنے والے تمام سرکاری و نجی اداروں، منتظمین، اساتذہ اور مقامی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ آزاد کشمیر، محکمہ تعلیم اور دیگر ادارے مل کر اس کالج کو ایک ماڈل ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچیوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید سائنس، ٹیکنالوجی، قیادت اور دفاعی تربیت کے مواقع فراہم کر کے ہم انہیں نہ صرف اپنی زندگی میں کامیاب بنا سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کے لیے ایک فعال کردار ادا کرنے کے قابل بھی بنا سکتے ہیں۔تقریب میں سابق وزیر حکومت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی، مبشر منیر اعوان، میجر ریٹائرڈ گل زمان، عبدلحیات شاہین، اقبال تنولی مسرور تنولی، اور دیگر نے بھی خطاب کیا طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے جبکہ پرچم کشائی کی گئی کیک کاٹا گیا قبل ازیں پاکستان اور کشمیر کا قومی ترانہ پیش کیا گیا اور آزادی کے حوالے سے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر والدین اور معززین علاقہ نے اس منصوبے کو ایک انقلابی اقدام قرار دیا اور اس کے تسلسل پر زور دیا۔

