سکولوں کے لیے عوام کی جانب سے وقف شدہ زمینات محکمہ تعلیم کو منتقل کرنا ناگزیر ہے، ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی

پشین (این این آئی) ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) انجنئیر نجم کبزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) عبدالوہاب خان ناصر، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکولوں کے لیے عوام کی جانب سے وقف شدہ زمینات محکمہ تعلیم کو منتقل کرنا ناگزیر ہے تاکہ تدریسی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو ریکارڈ کے مطابق سکولوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور جہاں تعمیرات کی ضرورت ہو وہاں قوانین کے مطابق عملی اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف پر زور دیا کہ وہ مخلصانہ طور پر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تعلیمی معیار کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام اساتذہ اپنی اصل جائے تعیناتی پر خدمات انجام دیں گے اور غیر حاضری یا غفلت کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی تعلیمی ترجیحات کے تحت بروقت اور پائیدار نتائج کے حصول کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کے طلباء و طالبات حکومتی اقدامات سے براہِ راست مستفید ہوں گے بشرطیکہ تدریسی عملہ اپنی ذمہ داریوں کو پوری دیانتداری سے انجام دے۔اجلاس میں آر ٹی ایس ایم ٹیم کو بھی فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر کو اساتذہ کی حاضری اور اپنی اصل جائے تعیناتی پر رپورٹنگ کے حوالے سے اشتہار جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں سستی و غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت سے متعلق جامع رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں