یونیورسٹی آف مکران تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے،طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز بلوچ

پنجگور(این این آئی) یونیورسٹی آف مکران میں Affiliation Committee کا اجلاس، مختلف کالجز کی الحاق کی درخواستوں کا جائزہ یونیورسٹی آف مکران میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ کی زیرِ صدارت میں (Affiliation Committee) کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر آف کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان، پروفیسر محمد حسین بلوچ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد یونس بلوچ، ڈپٹی رجسٹرار آفتاب اسلم بلوچ، پرنسپل ایگریکلچر کالج لطف اللہ کھوسو، پرنسپل گورنمنٹ گرلز کالج خدابادان فرزانہ حمید، ہیڈ آف سوشل ورک ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر راشد منظور، ہیڈ آف ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ رشید احمد، ہیڈ آف باٹنی ڈپارٹمنٹ شاہ بانو علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکیڈمکس بیبگر خالد، اسسٹنٹ کنٹرولر عطا مہر نے بطور ممبران شرکت کیااجلاس میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج پنجگور، ایگریکلچر کالج تسپ اور گورنمنٹ گرلز کالج خدابادان کی جانب سے یونیورسٹی آف مکران سے الحاق (Affiliation) کے لیے دی گئی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اصول و ضوابط کے مطابق تمام اداروں کے تعلیمی معیار، بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر، فیکلٹی، اور دیگر تقاضوں کا بغور مطالعہ کیا تاکہ الحاق کے فیصلے کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور تعلیمی معیار کے مطابق یقینی بنایا جا سکے وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے کہا کہ یونیورسٹی آف مکران تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے الحاق کی درخواستوں کے منصفانہ جائزے کو یونیورسٹی کی ذمہ داری قرار دیا اور کہا کہ ایسے فیصلے تعلیمی بہتری اور علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کمیٹی نے تفصیلی جائزے کے بعد ایگریکلچر کالج تسپ کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے یونیورسٹی آف مکران سے الحاق کی منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ طویل جائزے کے بعد گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج پنجگور کے الحاق کی بھی منظوری دی گئی۔ مزید برآں، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خدابادان کی جانب سے موصول ہونے والی دو مختلف شعبہ جات کی درخواستوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں سے باٹنی ڈپارٹمنٹ کی درخواست کو اصولی طور پر منظور کیا گیا جبکہ ایک درخواست پر مزید معلومات اور وضاحت طلب کی گئی۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے Affiliation کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف مکران علم و تحقیق کے فروغ کے لیے پورے خطے میں اپنا دائرہ کار وسیع کرنے کا خواہاں ہے۔ اس وڑن کے تحت پنجگور کے مختلف کالجز کو یونیورسٹی سے الحاق دینا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے وائس چانسلر مزید کہا کہ کالجز کے جامعہ مکران کے ساتھ الحاق سے خطے میں تعلیم کے میدان میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس عمل کے ذریعے طلبا کو اپنے ہی علاقوں میں معیاری اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے، جس سے انہیں بڑے شہروں کی طرف ہجرت کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ الحاق سے تعلیمی اداروں میں یکساں نصاب، امتحانی نظام اور تعلیمی نظم و ضبط قائم ہوگا، جو پورے خطے میں تعلیمی ہم آہنگی اور معیار کو فروغ دے گا۔ اس سے نہ صرف تعلیمی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ اداروں کے درمیان تعاون اور اشتراک بھی بڑھے گا۔کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آف کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان پروفیسر محمد حسین بلوچ نے کہا کہ یونیورسٹی کی سرپرستی میں کام کرنے والے کالجز کو تدریسی تربیت، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور تعلیمی سہولیات میں اضافے کے مواقع ملیں گے، جس سے اساتذہ کی قابلیت اور تدریسی معیار میں نمایاں فرق آئے گا۔ طلبا کو بہتر رہنمائی اور سیکھنے کا جدید ماحول دستیاب ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ الحاق شدہ اداروں کو تحقیق، سیمینارز، ورکشاپس اور دیگر علمی سرگرمیوں تک رسائی حاصل ہوگی، جس سے طلبا میں علمی شعور، تنقیدی سوچ اور عملی قابلیت پروان چڑھے گی۔ اس سے خطے میں تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی اور معاشی بہتری کے امکانات بھی روشن ہوں گے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے اجلاس کے اختتام پر ڈائریکٹر کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان، پروفیسر محمد حسین بلوچ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مصروف شیڈول کے باوجود تعلیم کی اہمیت کو ترجیح دیتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی۔ وائس چانسلر نے آپ کے تعلیمی خدمات اور ہمہ وقت تعلیمی بہتری کے لیے کوشاں رہنے کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ ایسے افراد نظامِ تعلیم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو علم کے فروغ کو اپنا مشن سمجھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں