کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی صوبے کی واحد یونیورسٹی ہے جو خواتین کی ہائیر ایجوکیشن کیلئے وقف ہے۔ صرف ایک سال کے اندر ہماری بھرپور کوششوں سے قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے، دیرینہ رکاوٹوں کو عبور کیا، درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کیا، اب زبردست تعلیمی ماحول پروان چڑھ رہا ہے اور سالوں کے بحران کے بعد پہلی دفعہ طلبہ کے اندراج میں قابل ستائش اضافہ ہوا ہے. آج ہم نے وویمن یونیورسٹی کے احاطے میں 200 طالبات کیلئے گرلز ہاسٹلز کا باقاعدہ افتتاح کیا جو ایک اور سنگ میل ہے۔ اگر ہماری کوششیں اور اساتذہ کا یہی ولولہ برقرار رہا تو سردار بہادرخان وویمن یونیورسٹی جلد ہی پاکستان کی ٹاپ رینکینگ یونیورسٹیوں میں شامل ہو جائیگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے دن وویمن یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کیا. اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور پرووائس چانسلر بھی موجود تھیں. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ کوالٹی آف ایجوکیشن اور تعلیمی ماحول کے ساتھ ہم یونیورسٹی کے سیکورٹی کے حالات مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ زیر تعلیم طالبات کے ساتھ ساتھ ان کے والدین بھی مطمئن ہو سکیں. الحمد اللہ ہماری سرپرستی اور وائس چانسلر کی پوری ٹیم کی بہتر کارکردگی کے باعث اندرون یونیورسٹی ماحول اتنا بہتر ہوا ہے کہ اب تو ہم اپنی بچیوں کو بھی یہاں پڑھنے کیلئے لا سکتے ہیں گورنر مندوخیل نے واضح کر دیا کہ اب ہم اپنی حاصلات کی حفاظت اور مزید بہتری چاہتے ہیں. آپ کی کارکردگی نظر بھی آنی چاہیے. وویمن یونیورسٹی کی تمام سائنس لیبارٹریز کیلئے درکار ایکویپمنٹس اور کیمیکلز فراہم کرینگے تاکہ زیر تعلیم طالبات ان سے استفادہ حاصل کر سکیں. انہوں نے کہا کہ جسطرح ہم نے آپ کی تنخواہوں کا مسئلہ کیا اسطرح آپ کی دیگر ضروریات بھی پورے کرنے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبے کے مخیر حضرات پر بھی زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کی ترقی اور خاص طور پر مستحق طالبات کی داد رسی کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں. وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری اخراجات کم کرنے کیلئے اقدامات کریں. وویمن یونیورسٹی میں سیلف فنانس سکیم کا سلسلہ کے اجرا کو لائق تحسین قرار دیا. قبل ازیں گورنر بلوچستان نے تمام سائنس لیبارٹریز کا علیحدہ علیحدہ معائنہ کیا اور کورین نیوٹریشن پروجیکٹ کی جانب وویمن یونیورسٹی کیلئے وین بھی حوالے کر دیا گیا۔

