تعلیم قوموں کی ترقی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، پروفیسر محمد اقبال ترین

کوئٹہ(این این آئی)یونیورسٹی آف بلوچستان کے سب کمپیس مستونگ کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد اقبال ترین نے کہا ہے کہ تعلیم قوموں کی ترقی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، کیونکہ تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جو معاشرے کو جہالت، پسماندگی اور بدامنی سے نکال کر ترقی، خوشحالی اور امن کی طرف لے جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جو قومیں تعلیم میں آگے ہیں وہی دنیا پر حکمرانی کر رہی ہیں اور جو قومیں تعلیم سے محروم ہیں وہ زوال اور پسماندگی کا شکار ہیں۔یہ بات انہوں نے ایک نجی اسکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں والدین، اساتذہ، طلبہ اور مقامی معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈائریکٹر سب کیمپس نے کہا کہ والدین کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کو یقینی بنائیں کیونکہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم نہ صرف ایک فرد کی شخصیت کو نکھارتی ہے بلکہ ایک مضبوط اور مہذب معاشرے کی بنیاد بھی رکھتی ہے۔ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی معاشی ترقی، سائنسی ایجادات اور سماجی ہم آہنگی کی ضمانت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنے بچوں کو کتاب اور قلم سے جوڑ دیں تو وہ مستقبل میں دہشتگردی، انتہاپسندی اور معاشرتی برائیوں کے خلاف ڈھال بن سکیں گے۔محمد اقبال ترین نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ نجی ادارے بھی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور آج کے بچے کل کے معمار ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی محنت، لگن اور ایمانداری سے تعلیم حاصل کریں تاکہ آنے والے وقت میں ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم انسان کو عزت، خود اعتمادی اور بہتر مستقبل فراہم کرتی ہے۔ دنیا میں وہی اقوام کامیاب ہیں جنہوں نے تعلیم کو اپنا ہتھیار بنایا اور آج وہ ترقی کی بلند ترین منازل پر فائز ہیں۔ ڈائریکٹر سب کیمپس نے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں تعلیم کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلیں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کر سکیں۔آخر میں انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد ہی وہ رہنما ہیں جو نئی نسل کو کامیابی کی راہ دکھاتے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو تعلیم کے زیور سے محروم نہ رکھیں اور خاص طور پر بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ ایک تعلیم یافتہ ماں پورے خاندان کو شعور اور تربیت دے سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں