گوادر میں بلوچستان بورڈ برانچ کے قیام میں تاخیر، سیکڑوں طلباء و طالبات مشکلات کا شکار

گوادر (این این آئی) گوادر میں بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی برانچ کے قیام نہ ہونے کی وجہ سے سیکڑوں طلباء و طالبات شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ تعلیمی اسناد کی تصدیق، اسناد کے حصول اور امتحانی فارموں کی تصحیح کے لیے طلباء کو طویل سفر طے کر کے کوئٹہ یا دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کے تعلیمی سلسلے میں رکاوٹیں بڑھتی جا رہی ہیں۔طلباء اور والدین کا کہنا ہے کہ ایک طرف تعلیم کے اخراجات پہلے ہی ان کی استطاعت سے باہر ہیں، دوسری جانب تعلیمی بورڈ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اضافی مالی بوجھ اور وقت ضائع ہونے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض طلباء نے شکوہ کیا کہ کئی بار صرف ایک کاغذ کی تصدیق کے لیے درجنوں گھنٹے سفر اور اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں، جو کہ ان کے لیے کسی اذیت سے کم نہیں۔اسکول اور کالج انتظامیہ نے بھی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر جیسے اہم اور ابھرتے ہوئے شہر میں بورڈ برانچ قائم نہ ہونا تعلیمی اداروں کے لیے بھی مشکلات کا باعث ہے۔ امتحانی فارم اور دیگر کاغذی کارروائی کے لیے بار بار کوئٹہ جانا وقت اور وسائل دونوں کا ضیاع ہے۔تعلیمی حلقوں نے حکومت بلوچستان اور محکمہ تعلیم سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ گوادر میں بلوچستان بورڈ کی برانچ کا فوری قیام عمل میں لایا جائے تاکہ طلباء و طالبات کو سہولت میسر ہو اور وہ اپنی توجہ صرف تعلیم پر مرکوز کر سکیں۔ذرائع کے مطابق کئی بار اس مطالبے کو حکام کے سامنے رکھا گیا ہے مگر تاحال اس پر عملی اقدامات سامنے نہیں آ سکے، جس پر والدین اور طلباء نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں