ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے لئے31پاکستانی طلبہ چین پہنچ گئے

لاہور(این این آئی)پنجاب کے 31طلبہ ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے لئے چین پہنچ گئے، یہ طلبہ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی پنجاب کے ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے تحت اپنی تعلیم جاری رکھیں گے،مذکورہ پروگرام تکنیکی تعلیم کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔یہ گروپ 70طلبہ کے دوسرے بیچ کا حصہ ہے جنہیں اس پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان میں سے 20طلبہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی لاہور میں ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ اِن سافٹ ویئر ٹیکنالوجی میں داخل ہیں جبکہ 11طلبہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ٹیکسلا میں ایڈوانسڈ کنسٹرکشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ڈوئل ڈپلومہ پروگرام پنجاب ٹیوٹااور شینژن انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی چین کے درمیان ایک معاہدے کے تحت جاری ہے۔ تین سالہ نصاب میں دو سال پاکستان میں جبکہ آخری سال چین میں تعلیم شامل ہے۔ اس پروگرام میں چار مضامین پڑھائے جاتے ہیں جن میں میکاٹرونکس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی اورایڈوانسڈ کنسٹرکشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔پروگرام کے تحت پہلا بیچ حال ہی میں اپنا تیسرا تعلیمی سال مکمل کرنے کے بعد چین سے واپس پاکستان پہنچا ہے۔ ٹیوٹا کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو عالمی معیار کی تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا اور پاکستان و چین کے درمیان تعلیمی و عوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں