تربت(این این آئی)ممبر صوبائی اسمبلی اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس تربت کا دورہ کیا۔دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ منظور احمد اور ڈویژنل ڈائریکٹر غفور دشتی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا استقبال کیا۔ اس دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منظور احمد نے محکمہ تعلیم کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں اسکولوں اور دفاتر کو درپیش مشکلات کا ذکر کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمارے گزشتہ ادوار میں بھی تعلیم کو ترجیح دی گئی، جس کے نتیجے میں آج ہمارے تعلیمی ادارے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی تعلیمی اداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ نظام تعلیم مزید مضبوط اور مؤثر ہو۔اس موقع پر دورے کے دوران نیشنل پارٹی کے راہنما واجہ ابوالحسن اور حفیظ علی بخش کے علاوہ ڈی او ای اصغر علی، یونیسف کے منیجر فیض الرحمان، نعیم صاحب، آر ٹی ایس ایم کے کوآرڈینیٹر علیم بلوچ، اے ڈی او نبی بخش اور ضلع کیچ کے تمام تحصیلوں کے ڈپٹی ڈی ڈی اوز بھی موجود تھے۔

