علامہ محمد اقبال مسلمانوں کیلئے عظیم رہنماء،شاعری،تحریروں سے قوم کو بیدار،خودی کا شعور اجاگر کیا،ڈاکٹر ربابہ بلیدی

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال مسلمانوں کے لیے ایک عظیم رہنما اور فلسفی تھے جنہوں نے اپنی شاعری اور تحریروں کے ذریعے نہ صرف قوم کو بیدار کیا بلکہ خودی کا شعور بھی اجاگر کیا۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ایک عظیم مفکر اور دور اندیش شاعر تھے جنہوں نے اپنی لازوال شاعری اور فکری رہنمائی سے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونک دی اور انہیں ایک آزاد مملکت کے خواب سے روشناس کرایا۔ ان کا فلسفہ خودی آج بھی ہمارے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ یہ ہمیں اپنے اندر کی قوت کو پہچاننے، خود اعتمادی پیدا کرنے اور عزت نفس کو بلند رکھنے کا درس دیتا ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ہم سب کو علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تعلیم اور محنت کو اپنا شعار بنانا ہو گا، کیونکہ ان کی فکر میں خودی کا راز پنہاں ہے اور یہی ہماری ترقی کا ضامن ہے۔ علامہ اقبال نے نہ صرف مردوں بلکہ خواتین کی تعلیم و تربیت اور ان کے معاشرتی کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ وہ قوم کی تعمیر میں اپنا بھرپور حصہ ڈال سکیں۔ اقبال نے ہمیشہ عورت کے کردار کو معاشرتی تعمیر کا لازمی جز قرار دیا۔ ان کے نزدیک ایک باوقار اور باکردار عورت ہی ایک مضبوط معاشرہ تشکیل دے سکتی ہے۔ انہوں نیمذید کہا کہ موجودہ دور میں لازم ہے کہ ہم علامہ اقبال کے خوابِ پاکستان کو حقیقت کا روپ دیں، جہاں ہر فرد، خاص طور پر خواتین، اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح استعمال کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں