لاہور(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تعلیم میں ترقی ہی ملک اور معاشرے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، پاکستان کے نوجوانوں کے ہنر اور تخلیقی صلاحیتوں کی دنیا معترف ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی پالیسیاں بنائیں، پورے ملک کے نوجوانوں کو مساوی مواقع میسر آرہے ہیں۔ لیڈز یونیورسٹی لاہور کے کانووکیشن سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبا ء جو خواب لے کر اپنی فیلڈ میں آئے اور آج اس مقام پر پہنچے میں ان کی محنت کو سراہتا ہوں۔ آج آپ کو اپنے والدین کی دعاؤں اور انتھک محنت کی بدولت یہ مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے لیڈز یونیورسٹی، فیکلٹی، وائس چانسلر، چیئرمین بورڈ آف گورنرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیڈز یونیورسٹی کا تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی اور جدید علوم سے طلبا کو ہمکنار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ دوسرے تمام شعبوں میں معزز تصور کیا جاتا ہے، علم حاصل کرنا اور اسے آگے لوگوں تک پہنچانا بہت ہی اہم فریضہ ہے۔ وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے تعلیمی اداروں، اساتذہ اور طلبا ء کا بڑا کردار ہے، تعلیم میں ترقی ہی ملک و معاشرے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، ہماری آبادی کا 68 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوانوں کو سکلز کے ساتھ تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جسے لیڈز یونیورسٹی احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ہنر کی پوری دنیا معترف ہے، ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی پالیسیاں بنائی ہیں، حال ہی میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب منعقد کی گئی، اس سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر طلبا کو دیئے جارہے ہیں جبکہ ہمارے مختلف ادوار میں گیارہ لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ دیئے جا چکے ہیں۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پورے ملک بلوچستان، خیبرپختونخواہ، سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔ وزیراعظم کا خصوصی فوکس ہے کہ نوجوانوں کو مہارتوں کے ساتھ بااختیار بنایا جائے تاکہ وہ نہ صرف زندگی میں آگے بڑھیں بلکہ ہر فیلڈ میں پاکستان کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح یہی ہے کہ پاکستان کے نوجوان کسی سے پیچھے نہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بہت پہلے کہا تھا کہ نوجوانوں پر کی جانے والی سرمایہ کاری ہمارے ملک کے مستقبل کی سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، مہارتوں اور آئی ٹی کے حوالے سے وزیراعظم کی ہمیشہ خصوصی توجہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں اس ٹیم کا حصہ ہوں جس کا فوکس نوجوانوں کی تعلیم، جدید علوم اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستگی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایک مرتبہ پھر طلبا ء کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی آپ کو مزید کامیابیوں سے نوازے، آپ جس شعبے میں بھی جائیں اپنے والدین، خاندان اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

