راولپنڈی (م ڈ)راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام آل پاکستان ویمن روئنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی جس میں ملک کی 21 جامعات نے شرکت کی۔ دو روزہ مقابلوں میں یونیورسٹی آف لاہور نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر کے طلائی تمغہ اور ٹرافی اپنے نام کی۔ پنجاب یونیورسٹی دوسرے اور لاہور گیریژن یونیورسٹی تیسرے نمبر پر رہیں۔
اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک تھیں۔ انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین کھیلوں سمیت ہر میدان میں بہترین صلاحیتوں کی حامل ہیں اور ایسے ایونٹس انہیں قومی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روئنگ جسمانی مضبوطی، نظم و ضبط اور ہمت کا کھیل ہے جو نوجوانوں میں خوداعتمادی اور ٹیم ورک کو فروغ دیتا ہے۔ وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے فاتح ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد طالبات کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں تعلیم اور اسپورٹس ایک ساتھ پروان چڑھیں۔
انہوں نے اس چیمپئن شپ کو خواتین کی قیادت، برداشت اور نظم و ضبط کا عملی اظہار قرار دیا۔ مختلف کیٹیگریز کے دلچسپ مقابلوں میں کھلاڑیوں نے 2000 میٹر سنگل، 1000 میٹر ڈبل، 500 میٹر اوپن ویٹ اور ریلے سمیت کئی ایونٹس میں حصہ لیا۔ ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر ہما فواد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان روئنگ فیڈریشن اور شریک ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانان نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں۔

