تربت یونیورسٹی،ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کا23واں اجلاس،معیاری تحقیقی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا عزم

تربت (این این آئی) یونیورسٹی آف تربت کے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (ASRB) کا 23واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر وسیم برکت نے مختلف گریجویٹ پروگرامز کے تحقیقی خاکوں (Synopses) کے دفاع، مقالہ جات (Theses) کو جمع کرانا اور انکی جانچ پڑتال اور وائیوا رپورٹس سمیت دیگر اہم ایجنڈا نکات بورڈ کے سامنے پیش کیے جن پر سیرحاصل بحث ومباحثے کے بعد ضروری فیصلے کئے گئے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اجلاس میں شریک تمام ممبران کی فعال شرکت اور یونیورسٹی میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ان کی قیمتی تجاویز کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تسلسل کے ساتھ تحقیقی ورکشاپس اور تربیتی سیشنز کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔وائس چانسلر نے باقاعدگی اور تواتر کے ساتھ ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے اجلاسوں کے انعقاد پر ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل یونیورسٹی کے گریجویٹ ریسرچ فریم ورک کے استحکام اور اعلی تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔اجلاس میں یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر، فیکلٹی ڈینز، سینئر فیکلٹی ممبران، رجسٹرار، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل، کنٹرولر امتحانات اور گورنمنٹ شہید ایوب بلیدی کالج تربت کے پرنسپل نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں