لاہور (م ڈ) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بچوں کے عالمی دن پر حقیقی معنوں میں اطفال کو اختیار منتقل کرنے کی منفرد مثال قائم کر دی۔ رانا سکندر حیات نے بچوں کے عالمی دن پر اپنے عہدے کا چارج میٹرک کے ایک پوزیشن ہولڈر طالبعلم کو سونپ دیا۔ طالبعلم ابوذر وزیر تعلیم کی سرکاری گاڑی پر مکمل پروٹوکول کے ساتھ دفتر داخل ہوا جہاں محکمہ تعلیم کے سینئر افسران نے ان کو ریسیو کیا۔
رانا سکندر حیات کی عدم موجودگی میں تمام سرکاری سرگرمیوں کی نگرانی طالبعلم ابوذر کے سپرد رہی جہاں وہ بطور وزیر تعلیم اجلاسوں کی صدارت کرتا رہا اور محکمہ تعلیم کے حکام کے ساتھ اجلاس کے دوران اہم فیصلوں میں بھرپور حصہ لیا۔
ایک دن کے وزیر تعلیم نے لاہور کے تعلیمی معاملات پر بھی بریفنگ لی، افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔ وزیر تعلیم ابوزر نے ایس ٹی آئیز کی بھرتیوں کی پراگریس پر دریافت کیا اور ہارڈ شپ ٹرانسفر راؤنڈ جلد از جلد کھولنے کی ہدایت کی۔
سکولوں میں سہولیات کا فقدان دور کرنے کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ لی اور مختلف امور کی بہتری پر محکمہ کے افسران سے مشاورت کی۔ وزیر تعلیم ابوزر نے سکالرشپ سکیم، غریب بچوں کی فیس معافی، اساتذہ کیلئے ٹرانسپورٹ سہولت کی فراہمی پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ نجی تعلیمی اداروں میں مستحق طلباء کی فیس معافی اور دور دراز علاقوں میں قائم سکولوں کے اساتذہ کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہیں ٹرانسپورٹ کی فراہمی یقینی بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر نامزد وزیر تعلیم ابوزر نے پریس کانفرنس کے ذریعے میڈیا کو بھی کارکردگی اور فیصلوں پر بریفنگ دی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کا مقصد بچوں کی سوچ اور تخلیقات کو حقیقی طور پر نمایاں کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی اپنی نوعیت کے اعتبار سے انفرادیت کی حامل سرگرمی ماضی میں کسی وزیر نے نہیں کی ہوں گی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت بچوں کی صلاحیتوں کی پرورش کر رہی ہے۔

