لاہور (این این آئی) یو ای ٹی لاہور میں 32ویں کانووکیشن کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے کی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور یونیورسٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے خوشی کے اس موقع پرفارغ التحصیل طلبہ، ان کے محنت کش والدین اور درخشاں فیکلٹی کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انکا کہنا تھا کہ آج طلبا کی عظیم کامیابی کو منانے کا دن ہے جنہوں نے نہ صرف اپنی تعلیمی صلاحیتوں کا شاندار اظہار کیا ہے بلکہ مستقبل کی قیادت، تحقیق اور خدمتِ خلق کے سفر کی بنیاد بھی رکھ دی ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ یو ای ٹی کے فارغ التحصیل انجینئرز ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور انہیں چاہیے کہ وہ والدین اور اساتذہ کی محنت کا احترام کرتے ہوئے ملک کی خدمت میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر شاہد منیر نے یو ای ٹی میں جاری ترقیاتی کاموں، تحقیقی پیش رفت اور ادارے کو ملنے والے حالیہ اعلی اعزازات کا تفصیلی ذکر بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں جدید لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن، اسمارٹ کلاس رومز کا قیام، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، کیمپس بیوٹیفکیشن اور متعدد نئی تعمیراتی اسکیمیں تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ مزید برآں، فیکلٹی اور طلبہ کی جانب سے قومی و بین الاقوامی سطح پر حاصل کیے گئے ریسرچ گرانٹس، پبلکیشنز، پیٹنٹس اور انوویشنز کو انہوں نے یونیورسٹی کی علمی ترقی کا روشن ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کو گڈ گورننس، اکیڈمک ایکسی لینس اور کوالٹی ایجوکیشن کے میدان میں ملنے والے اعزازات پوری جامعہ کے لیے باعثِ افتخار ہیں، اور یونیورسٹی اس معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی ترقی کی منازل کی طرف گامزن ہے۔وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی طرف سے یو ای ٹی کی مالی سرپرستی قابل ستائش ہے۔ہم یو ای ٹی کو ماڈل یونیورسٹی قرار دینے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں اورفیڈرل ایچ ای سی کا یو ای ٹی کو مثالی یونیورسٹی قرار دینا اعزازکی بات ہے۔یو ای ٹی کے انجینئرز کی تیار کردہ اینٹی سموگ گن اورویلڈنگ روبوٹ کے ماڈل کی تکمیل ایک اہم پیش رفت ہے۔رواں برس کانووکیشن میں 2ہزار 407طلبا و طالبات کو اسناد تفویض کی گئیں، جن میں 2ہزار 48انڈر گریجویٹ، 326ایم ایس/ایم فل اور 33پی ایچ ڈی گریجویٹس شامل تھے۔ تقریب میں 44بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبا کو مجموعی طور پر 66گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ کیمیکل انجینئرنگ کی طلبہ لائبہ زبیر نے 6گولڈ میڈلز حاصل کر کے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔اسی طرح سول انجینئرنگ کی مائدہ اظہر بٹ اور الیکٹریکل انجینئرنگ کی تاشفا ندیم نے 5، 5گولڈ میڈلز حاصل کیے۔کانووکیشن میں سال آخر کے بہترین پراجیکٹس کے حامل طلبا کو نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ یو ای ٹی دنیا کی صف اول کی جامعات میں شامل ہو کر عالمی رینکنگ میں 205ویں پوزیشن تک پہنچ چکی ہے، جو اس کی تعلیمی اور تحقیقی کاوشوں کا منہ بولتاثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کو مالی اور انتظامی بحران سے نکالنے کا سہرا وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کو جاتا ہے جن کی وژنری قیادت نے ادارے کو نئی شناخت دی۔گورنر پنجاب نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف لازوال خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میدانِ کارزار میں جیت کر اپنی عسکری برتری ثابت کی اور آج بھی عالمی سطح پر پاکستان کی بہادر افواج کی مثالیں دی جاتی ہیں۔تقریب میں طلبا، ڈینز، اساتذہ، تدریسی و انتظامی عملے کے علاوہ دیگر جامعات کے وائس چانسلرز نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔کانووکیشن کے آخری لمحات میں طلبا و طالبات نے خوشی کے اظہار کے طور پر روایتی انداز میں اپنی گریجویشن ٹوپیاں ہوا میں اچھال کر تقریب کو یادگار بنا دیا۔

