تربت یونیورسٹی،شعبہ پولیٹیکل سائنس کے زیراہتمام منعقدہ الوداعی تقریب میں یونیورسٹی میں علمی ماحول کے فروغ میں اساتذہ کی علمی خدمات، انتظامیہ کے تعاون اور طلبہ کی تعلیم دوستی کو سراہا گیا

تربت (این این آئی) یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ پولیٹیکل سائنس کے زیراہتمام بیچ2022–25 کے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار اور پرجوش الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر اپنے سینئرز کے لیے نیک تمناؤں اور خلوص بھرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ساتھی طلباء کا کہنا تھاکہ انہیں اپنے تعلیمی سفر کے دوران سینئر طلبہ سے مسلسل رہنمائی، اکیڈمک تعاون اور حوصلہ افزائی حاصل ہوتی رہی جن کے وہ مشکورہیں۔تقریب میں طلبہ نے کیمپس لائف سے جڑی کئی یادگار اور خوشگوار یادوں کو بھی دہرایا اورکہاکہ ان یادوں کو وہ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ نے اپنے اساتذہ کی شبانہ روز محنت، سرپرستی اور بے مثال رہنمائی اور یونیورسٹی انتظامیہ کے تعاون پران کا دل سے شکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی علمی رہنمائی اور کردار سازی ہماری ذاتی اور پیشہ وارانہ زندگی کو کامیاب بنانے میں اہم کردارادا کریں گے۔ فارغ التحصیل طلبہ کا کہناتھا کہ ہمارے طلبہ ساتھیوں نے یونیورسٹی میں مثبت اور علمی ماحول برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیاہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ پولیٹیکل سائنس کے چیئرمین چنگیز احمد نے طلبہ کو اپنے خوابوں اور اہداف کے حصول کے لیے پرعزم، بااعتماد اور مسلسل کوششیں جاری رکھنے کی تلقین کی۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں محنت، ثابت قدمی اور اعلی اخلاقی اقدار کو ہمیشہ مقدم رکھیں، کیونکہ یہی کامیابی کی بنیادیں ہیں۔تقریب کے اختتام پر بلوچی زبان کے معروف گلوکار عارف بلوچ نے اپنے پرسوز اور پرجوش گانوں کے ذریعے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ ان کی دلکش آواز اور منفرد فن نے حاضرین کو محظوظ کیا اور تقریب کو ایک یادگار ثقافتی رنگ بخشا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں