لورالائی(این این آئی) گورنمنٹ گرلز کینٹ ہائی سکول کی ہیڈ مسٹریس شمشاد انجم ملغانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسکول بس کی فراہمی بچیوں کے لیے ایک دیرینہ مسئلے کا مستقل حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ہزاروں والدین کے لیے اعتماد اور اطمینان کا باعث بنے گا، جبکہ طالبات اب بہتر ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں گی۔سکول کی اساتذہ نے اس فیصلے کو تعلیم دوست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں سے اسکول میں سفری سہولت کی عدم موجودگی کے باعث بچیوں کی حاضری متاثر ہوتی تھی۔ موسم کی شدت، دور دراز کا سفر، مہنگی پرائیویٹ ٹرانسپورٹ اور غیر محفوظ راستوں کی وجہ سے والدین اکثر ذہنی دباؤ کا شکار رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا یہ قدم نہ صرف طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں میں تسلسل پیدا کرے گا بلکہ ان کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔والدین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بس صرف ایک گاڑی نہیں بلکہ بچیوں کی تعلیم کا محفوظ راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ آنے جانے کا مسئلہ سب سے بڑا چیلنج تھا، جس سے مالی اور ذہنی پریشانی ہوتی تھی۔ اب والدین کو یقین ہے کہ ان کی بیٹیاں محفوظ طریقے سے اسکول آئیں اور جائیں گی۔ مس شمشاد انجم ملغانی نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت مستقبل میں بھی تعلیمی اداروں کی ضروریات کو ترجیح دے گی۔سکول کی ہیڈ مسڑیس شمشاد انجم ملغانی،ٹیچرز،طالبات نیخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بس کی فراہمی اْن کے لیے خوشخبری سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر طویل فاصلہ پیدل طے کرنا پڑتا تھا یا مہنگی سواری استعمال کرنا پڑتی تھی۔ اب ایک منظم اور آرام دہ سفری سہولت کے باعث ان کا وقت بچے گا اور وہ توجہ کے ساتھ اپنی پڑھائی پر فوکس کر سکیں گی۔ طالبات نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ان کے روشن مستقبل کی مضبوط بنیاد ہے۔ہیڈ مسٹریس، اساتذہ، والدین اور طالبات نے یک زبان ہو کر کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان واقعی تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ ہیں، اور یہ فیصلہ اس کا عملی ثبوت ہے۔

