مالیکیولر میڈیسن پرنواں بین الاقوامی سمپوزیم پیر سے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں ہوگا

کراچی (این این آئی)ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)جامعہ کراچی کے زیرِ اہتمام مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ کے موضوع پر4روزہ نواں بین الاقوامی سمپوزیم کم ٹریننگ کورس24تا27نومبرپیرسے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں شروع ہو رہاہے جس میں 600ملکی و غیر ملکی ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طارق رفی سمپوزیم کا افتتاح کریں گے۔ یہ بات آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں سمپوزیم کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہی۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سمپوزیم کے انعقاد سے شرکا سائینسدانوں میں مضبوط تحقیقی روابط قائم ہوں گے۔ انھوں نے کہا اس بین الاقوامی سمپوزیم کے انعقاد کا مقصد مالیکیولر میڈیسن کے شعبے میں دنیا بھر سے ماہرین کو نہ صرف یکجا کرنا ہے بلکہ ان کے تجربات و معلومات سے استفادہ بھی کرنا ہے تاکہ متعلقہ شعبہ میں ترقی کی رفتار تیز تر ہوسکے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق سمپوزیم کی افتتاحی تقریب پیر24نومبرکو صبح ساڑھے نوبجے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے پروفیسر سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم میں ہوگی، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طارق رفی سمپوزیم کی افتتاحی تقریب میں خصوصی خطاب کرینگے جبکہ تقریب میں سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز حکومت سندھ جناب ایم عباس بلوچ، شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر محمد رضا شاہ، کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری، ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ نادرہ پنجوانی سمیت سمپوزیم کی کوآرڈینیٹرپروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گی۔ ترجمان کے مطابق سمپوزیم پلینری لیکچرز، پوسٹر پریزنٹیشن اورمالیکیولر میڈیسن پر بین الاقوامی شہرت یافتہ سائنسدانوں کے لیکچرز پر مشتمل ہے، جبکہ اس سمپوزیم کا تربیتی کورس مالیکیولر میڈیسن اور امراض کو سمجھنے کے حوالے سے اس کے ا ستعمال سے متعلق قائم ہونے والے تصورات کا احاطہ کریگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں