تربت(این این آئی) یوتھ کی اڑان ستاروں سے جہاں اور بھی ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تربت یونیورسٹی کے طلبہ کی اونچی اڑان، قومی سطح پر اپنی قابلیت کا لوہا منوا لیا۔تفصیلات کے مطابق یوتھ انگیجمنٹ سرگرمیوں اور علمی مکالمے کے میدان میں ایک تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنی مضبوط تیاری، پختہ دلائل اور معیاری مکالمے کے باعث تربت یونیورسٹی کے طلبہ نے اڑان پاکستان نیشنل ڈیبیٹس 2025 کے دوران ملک بھر کی 65 یونیورسٹیوں میں نمایاں مقام جبکہ بلوچستان کی یونیورسٹیوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی اوراگلے مرحلے پاکستان راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ بلوچستان کی یونیورسٹیوں پرسبقت لے جانے کے بعدتربت یونیورسٹی کی ٹیم نے قومی مرحلیپاکستان راؤنڈ میں جگہ بنائی۔پاکستان راونڈ میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کی فاتح یونیورسٹیوں کے درمیان مقابلہ ہوا۔پاکستان راؤنڈ کے سنسنی خیز فائنل میں تربت یونیورسٹی کے طلبہ نے اپنی دلائل کی قوت اور بہترین مکالمے کے ذریعے دیگر صوبوں کی یونیورسٹیوں پرسبقت لے جاتے ہوئے نیشنل ڈیبیٹ چیمپئن 2025 (پاکستان راونڈ) کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پوائنٹس برابر ہونے پر ٹائٹل فاٹا کی ٹیم کے ساتھ مشترکہ طور پر شیئر کیا گیا۔تربت یونیورسٹی کی فاتح ٹیم باصلاحیت طلبہ شعبہ قانون کی فاطمہ نذیر، شعبہ پولیٹیکل سائنس کے محمد مصدق اور شعبہ کمپیوٹر سائنس کے بختیار رند پر مشتمل تھی، جنہوں نے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز چاکر حیدر کی رہنمائی میں یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔یہ مقابلے 24 سے 28 نومبر 2025تک اسلام آبادمیں منعقدہوئے۔تربت یونیورسٹی کی اس تاریخی کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، ڈینز، رجسٹرار اور تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان نے تربت یونیورسٹی کی فاتح ٹیم اور ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز کو مبارکباد دی۔تربت یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق وائس چانسلرڈاکٹر گل حسن نے فاتح ٹیم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ تربت یونیورسٹی اسٹوڈنٹ انگیجمنٹ کو فروغ دینے اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور توجہ دے رہی ہے اورہمارے نوجوان قومی سطح کے علمی مکالموں، تنقیدی سوچ، تعمیری فکر،پالیسی معاملات فہمی اور شعوروآگاہی میں کسی سے کم نہیں -آخر میں تربت یونیورسٹی کی فاتح ٹیم نے اڑان پاکستان کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شعیب فدا تنولی سے وننگ ٹرافی اور کیش انعام وصول کیا۔

