تربت یونیورسٹی میں ریسرچ کنسورشیم کا انعقاد،شعبہ ایجوکیشن کے طلباء کی جانب سے پیش کردہ جدیدآئیڈیاز اورمعیاری تحقیقی خاکوں کی خوب پذیرائی

تربت (این این آئی)یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ ایجوکیشن کے زیراہتمام اور چیئرپرسن ڈاکٹر مہناز اسلم کی نگرانی میں ایک ریسرچ کنسورشیم کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں چھٹے سمسٹر کے طلباء نے عصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ مختلف تعلیمی موضوعات پر اپنے تحقیقی خاکے پیش کیے جن کو خوب پذیراہی ملی۔ پریزنٹیشنز کے بعد سوال و جواب اور مباحثے کا سیشن ہوا، جس میں فیکلٹی ممبران اور سینئر طلباء نے مجوزہ تحقیق پر سیرحاصل گفتگو کی اور انہیں مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تعمیری تعمیری تجاویزپیش کیں۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے بطور مہمان خصوصی کنسورشیم میں شرکت کی۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے شعبہ ایجوکیشن میں تحقیقی سرگرمیوں پر مبنی تعلیمی ماحول کے فروغ پرشعبہ ایجوکیشن کی چیئرپرسن اور فیکلٹی ممبران کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے تحقیقی سرگرمیوں میں طلباء کی گہری دلچسپی اور بھرپور شرکت کو بھی سراہا۔ وائس چانسلر نے نوجوان اور ابھرتے ہوئے محققین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ ایسے جدید اور متعلقہ موضوعات پر تحقیق کریں جو بلوچستان میں معیار تعلیم کو بلند کرنے میں معاون ثابت ہو سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی اعلیٰ معیار کی تحقیق کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن سہولیات اور وسائل فراہم کرے گی۔تقریب کے آغاز میں ڈاکٹر مہناز اسلم نے ریسرچ کنسورشیم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد طلباء کی تحقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے اور مستقبل میں بھی اس طرح کی علمی و تحقیقی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ منعقد کی جائیں گی۔اس کنسورشیم کے انعقاد میں تعاون کرنے پر انہوں نے وائس چانسلر، فیکلٹی ممبرا ن اور انتظامی افسران کا شکریہ اداکیا۔ترجمان کے مطابق مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، انتظامی و تدریسی شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران نے بھی ریسرچ کنسورشیم کا دورہ کیا۔ انہوں نے طلباء میں بڑھتے ہوئے تحقیقی رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ترغیب دی کہ وہ مقامی سطح پر درپیش تعلیمی چیلنجز کے حل کے لیے معیاری تحقیق پرتوجہ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں