ثانوی تعلیم میں نتائج پر مبنی تدریسی نظام کے فروغ کے لیے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

پشاور(این این آئی)انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ جامعہ پشاور اور آکسفورڈ پالیسی مینجمنٹ کے اشتراک سے ثانوی سطح پر طلبہ کے سیکھنے کے نتائج (ایس ایل او)پر مبنی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں اساتذہ، ماہرین تعلیم اور سرکاری نمائندے شریک ہوئے۔تقریب کا افتتاح ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ حافظ محمد انعام اللہ نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کو طلبہ کی روزمرہ زندگی سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ بامقصد اور موثر تعلیم صرف معیاری اساتذہ ہی فراہم کر سکتے ہیں اور معیاری اساتذہ کی تیاری کے لیے مسلسل اور موثر پیشہ ورانہ تربیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایل او پر مبنی تعلیم طلبہ کے لیے سیکھنے کے عمل کو آسان اور بامعنی بناتی ہے اور اس نوعیت کی ورکشاپس اساتذہ اور طلبہ دونوں کے لیے اس نظام کی طرف منتقلی کو ہموار بناتی ہیں۔منصوبے کی پرنسپل انویسٹیگیٹر اور یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے آکسفورڈ کالج آف ایجوکیشن کی سینئر لیکچرر ڈاکٹر عالیہ خالدنے تعلیمی نظام کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مسائل عالمی نوعیت کے ہیں اور پاکستان بھی ان سے مستثنیٰ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تحقیقی منصوبہ ان چیلنجز کے حل کے لیے قابل حکمت عملیوں کی نشاندہی اور تعلیمی نظام میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ ایس ایل او پر مبنی پالیسیاں تعلیم کو دلچسپ اور موثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔مہمان خصوصی ڈائریکٹر ڈی پی ڈی ڈاکٹر محمد مطاہر نے اپنے خطاب میں ڈی پی ڈی کے تحت اساتذہ اور تربیت کاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کی تربیت میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے ساتھ مستقبل میں مضبوط اشتراکِ عمل قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2006 میں نصاب میں اصلاحات کے بعد تشخیص کو نصاب سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے اور اب اسکول بیسڈ آن لائن اسیسمنٹ کا نیا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ ایس ایل او پر مبنی تعلیم سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ورکشاپ کے دوران اساتذہ کے لیے تیار کردہ ایک خصوصی ”ٹیچرز ریسورس پیک“کا پائلٹ بھی کیا گیا، یہ ریسورس پیک DARE-RC کنسورشیم اسٹڈی کا حصہ ہے جو برطانیہ کی حکومت کی جانب سے یو کے انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ کے تحت مالی اعانت سے جاری وسیع تر DARE-RC منصوبے کا حصہ ہے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد آکسفورڈ پالیسی مینجمنٹ اپنے شراکت دار اداروں کے تعاون سے کر رہی ہے۔تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی اعجاز خان، جامعات کے اساتذہ، ماہرینِ تعلیم، انگریزی، ریاضی اور سائنس کے مضامین سے وابستہ ہائر سیکنڈری سکولوں کے سبجیکٹ اسپیشلسٹس، ڈی پی ڈی کے ماہرین اور سکولوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں