فیصل آباد(م ڈ) یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد (یو اے ایف) کے کمیونٹی کالج میں چین اور پاکستان کے درمیان جدید زراعت، اناج کے ذخیرہ اور معیار و حفاظتی علوم میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے تین سالہ دو مشترکہ ڈپلومہ پروگرامز کا آغاز ہوگیا۔گوادر پرو کے مطابق ان ڈپلومہ پروگرامز میں ایک گرین اسٹوریج، ٹرانسپورٹیشن اور کوالٹی سیفٹی جبکہ دوسرا *ماڈرن ایگریکلچرل ٹیکنالوجی (MAT)شامل ہے۔
ان پروگرامز کا مقصد زرعی تعلیم کو بہتر بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنا ہے۔ یہ پروگرامز چین کے معروف ووکیشنل اداروں کے اشتراک سے پیش کیے جا رہے ہیں، جو سرحد پار تعلیمی تعاون کے ایک نئے مرحلے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
گوادر پرو کے مطابق یو اے ایف کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ان پروگرامز کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ کو زرعی ترقی کے لیے ضروری عملی مہارتیں فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ایف کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے چینی زبان کی تربیت کے ذریعے عوامی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔گوادر پرو کے مطابق جیانگ شی ووکیشنل ٹیکنیکل کالج کے اسسٹنٹ ڈین وانگ جیا نے اس اقدام کو باہمی تربیت کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ بیلی ووکیشنل کالج کے وائس پریذیڈنٹ ڑانگ جیان ہونگ نے کہا کہ ایم اے ٹی پروگرام پائیدار زرعی ترقی کے لیے عملی مہارتیں فراہم کرے گا۔
گوادر پرو کے مطابق مشترکہ ڈپلومہ پروگرامز کے تحت طلبہ دو سال یو اے ایف میں اور ایک سال چین میں تعلیم حاصل کریں گے، جس سے انہیں قیمتی بین الاقوامی تجربہ حاصل ہوگا۔ اس موقع پر ایم اے ٹی پروگرام کے چوتھے بیچ کے لیے اورینٹیشن سیشن بھی منعقد کیا گیا، جو تین سال قبل بیلی ووکیشنل کالج اور تانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ کے اشتراک سے شروع کیا گیا تھا

