تربت یونیورسٹی،این ڈی ایم اے کا ماحولیاتی تبدیلیوں،آفات سے نمٹنے بارے مشترکہ تحقیق پر اتفاق

تربت(این این آئی)علمی تحقیق کو عملی شکل دینے اور اسے معاشرے کے لیے موثر بنانے کی خاطر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یونیورسٹی آف تربت سمیت ملک کی صف اول کی سرکاری جامعات کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کا آغاز کر دیا ہے۔اسی سلسلے میں حال ہی میں اسلام آباد میں یونیورسٹی آف تربت اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این آئی ڈی ایم)کے مابین ایک لیٹر آف ایگریمنٹ (ایل او اے) پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے پر این آئی ڈی ایم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایم تنویر پراچہ اور یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے دستخط کیے۔اس اہم شراکت داری کی افادیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں تحقیقی مقالوں کی مشترکہ اشاعت اور دیگر تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو وسعت دیں گے۔مزید برآں معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ ورکشاپس، کانفرنسوں، سیمینارز اور انٹرن شپس کے ذریعے آفات سے نمٹنے کی تربیت اور تعلیمی پروگراموں میں بھی تعاون کریں گے۔ اس شراکت داری کے نتیجے میں تدریسی، تربیتی اور تحقیقی مقاصد کے لیے فیکلٹی، محققین اور طلبہ کے تبادلے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ترجمان یونیورسٹی آف تربت کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر کے دورے کے دوران این ڈی ایم اے کی قبل از وقت وارننگ اور خطرات کی پیش گوئی کی جدید صلاحیتوں کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی آف تربت میں ایک علاقائی اور موضوعاتی سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کی تجویز بھی دی جو ماحولیاتی تبدیلی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے این ڈی ایم اے کے سینٹر آف ایکسیلنس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔وائس چانسلر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی آف تربت نہ صرف معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول اور اپنی سماجی و کمیونٹی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں