تربت یونیورسٹی کے دو اسکالرز کا ایم فل بائیو کیمسٹری میں تحقیقی مقالہ جات کا کامیاب دفاع

تربت(این این آئی) یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کی دو سکالرز شالی انور اورضمیرہ واحد نے گزشتہ روز اپنے اپنے ایم فل کے تحقیقی مقالہ جات کا کامیابی سے دفاع کیا۔ان اسکالرز نے اپنا تحقیقی کام یونیورسٹی آف تربت کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر جہانگیر خان کی زیر نگرانی مکمل کیں جبکہ آغا خان یونیورسٹی کراچی کے سینٹر فار ریجنریٹو میڈیسن اینڈ اسٹم سیل ریسرچ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر افسر میاں اورتربت یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حنیف الرحمن کوسپروائزرتھے۔ ان اسکالرز کو اپنا تحقیقی کام مکمل کرنے میں آغا خان یونیورسٹی کراچی کی جدید لیبارٹریوں کا تعاون بھی حاصل رہا۔اسکالر شالی انور کے تحقیقی مقالے کی جانچ یونیورسٹی آف سوات کے پروفیسر ڈاکٹر علی اکبر نے کی، جبکہ اسکالر ضمیرہ واحد کے مقالے کی جانچ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم بزدار نے کی۔ دونوں اکیسٹرنل ایگزامینر نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈیفنس سیشن میں شرکت کی اور اسکالرزکی علمی قابلیت اور تحقیقی معیار کو سراہا۔تحقیقی مقالے کے دفاع کے دوران سپروائز، کوسپروائز، ایکسٹرنل ایگزمینراور ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر وسیم برکت نے دونوں اسکالرز کے تحقیقی کام کے اعلی معیار کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ اسکالر شالی کی تحقیق کو بین الاقوامی سطح پر بھی غیر معمولی پذیرائی ملی ہے، ان کا تحقیقی پوسٹر امریکہ میں منعقدہ 67ویں امریکن سوسائٹی آف ہیماٹولوجی کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے گئے تھے جو ان کی تحقیق کی عالمی اہمیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دوسری جانب اسکالر ضمیرہ واحد نے اپنی تحقیق کے ذریعے ضلع کیچ میں بیٹا تھیلیسیمیا جیسے اہم طبی مسئلے کے حل کے لیے گہری جستجو اور علمی لگن کا مظاہرہ کیاہے۔تربت یونیورسٹی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران نے شالی انور اور ضمیرہ واحد کو ایم فل کی ڈگری کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بائیو کیمسٹری کے شعبے میں ان کی گراں قدر خدمات اور تحقیقی کام کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں