لاہور (این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا اجلاس ہوا۔ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس میں منعقدہ اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پربغور کیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ بورڈ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ااور بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کے فیملی پینشنرز کو رننگ پینشن پر 50 فیصد میڈیکل الاؤنس دینے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فنڈز کی زیادہ مارک اپ پر ری انویسٹمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔بورڈ نے ڈی اے آئی ڈپلومہ کے اسیسمنٹ اینڈ پرو موشن رولز میں ترمیم کی بھی منظوری دی اوران رولز میں ترمیم کے باعث آرٹس مضامین کے ساتھ میٹرک پاس بھی ڈی اے ای میں داخلہ لے سکیں گے۔بورڈ نے بعض دیگر انتظامی امور کی بھی منظوری دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری فنی تعلیم نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیاس لئے معیاری فنی تعلیم کے فروغ کو حکومت نے اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری ناگزیر ہے۔اس لئیانڈسٹری کی ضرورت کے مطابق جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کورسز متعارف کروائے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں پہلی بار جاب پورٹل بنایا گیا ہے۔اس جاب پورٹل سے صنعتکاروں کو انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت ملے گی اور ہنرمندوں کو روزگار ملے گا۔انڈسٹریل اسٹیٹس میں موجود انڈسٹری میں سٹوڈنٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام کا بھی آغاز کیا جارہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ امتحانی نظام میں مزید شفافیت لانے کیلئے امتحانی مراکز کی آن لائن مانیٹرنگ بھی شروع کی گئی ہے۔صوبائی وزیر نے بورڈ کے تمام امور کو ڈیجیٹائز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈیجیٹائزیشن کے عمل سے بورڈ کے امتحانی نظام میں بہتری آئے۔ گی۔چیئر پرسن پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سارہ رشید،سیکرٹری بورڈ محمد حفیظ اور بورڈ ممبرا ن نے اجلاس میں شرکت کی۔

