علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بچوں کے لئے ’’ترکش سمر کیمپ‘‘ کا آغاز

اسلام آباد (این این آئی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بچوں کی تعلیم، تخلیق اور جسمانی نشوونما کیلئے دو ہفتے پر مشتمل ’’ترکش سمر کیمپ‘‘ کا آغاز ہو گیا ۔ افتتاحی تقریب میں بچوں کے ہمراہ ان کے والدین، ڈاکٹر زاہد مجید (ڈائریکٹر انٹرنیشنل آفس)، پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار(ڈائریکٹر یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ)، اسلام آباد میں ترک سفارتخانے کے تعلیمی اتاشی، مہمت ٹویران اور پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ طوقار (ماہرِ ترکش زبان)نے بھی شرکت کی۔
مقررین نے بچوں کے اس منفرد تعلیمی و ثقافتی سفر کو سراہتے ہوئے اس کیمپ کو پاک ترک دوستی کا عملی مظہر قرار دیا۔یہ سمر کیمپ 18 جولائی تک جاری رہے گا جس میں روزانہ تین مختلف نوعیت کے سیشنز منعقد کئے جائیں گے۔
پہلے سیشن میں بچوں کو ترکش زبان سکھائی جائے گی تاکہ وہ بنیادی الفاظ، جملے اور مکالمات سے مانوس ہو سکیں۔ دوسرے سیشن میں اسلامی اور ترکش ثقافت پر مبنی خوشخطی (کیلیگرافی) کی تربیت دی جائے گی جو بچوں کی جمالیاتی اور فنی صلاحیتوں کو فروغ دے گی۔
تیسرے سیشن میں ترکی کے روایتی کھیل تیراندازی اور منگالا سکھائے جائیں گے تاکہ بچے جسمانی طور پر متحرک رہیں اور ترکی کی تہذیبی روایات سے عملی طور پر روشناس ہو سکیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ یہ یونیورسٹی کی جانب سے منعقد کیا جانے والا تیسرا ’’ترکش سمر کیمپ‘‘ہے جو بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، انہیں عالمی ثقافتوں سے روشناس کرانے اور ان کی شخصیت کو اعتماد و شعور کے ساتھ نکھارنے کی ایک مؤثر کوشش ہے۔
انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ کیمپ کی اختتامی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سمر کیمپ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان محبت، دوستی اور ثقافتی تعلقات کو مزید گہرا کرے۔ مہمت ٹویران نے کہا کہ اس کیمپ کے ذریعے بچے نہ صرف ترکی زبان اور ثقافت سے روشناس ہوں گے بلکہ ترکیہ کی تاریخ، روایات اور جدید ترقیات کے بارے میں بھی جامع آگاہی حاصل کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں