کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم اور ملک ترقی نہیں کرسکتا ہمیں چاہئے کہ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں،الحمد یونیورسٹی بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے اہم کردارادا کر رہی ہے حکومت کو چاہئے کہ ایسے اداروں کی سرپرستی کرے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو الحمد یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پرالحمد یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹرشکیل روشن نے بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی کو یونیورسٹی میں دی جانے والی تعلیم کے بارے میں آگاہ کیااورانہیں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایا۔بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف نے کہا کہ بلوچستان تعلیم کے حوالے سے دوسرے صوبوں سے بہت زیادہ پیچھے ہے صوبے میں قبائلی دشمنیوں کی وجہ سے نوجوان تعلیم حاصل کرنے کی بجائے ہاتھوں میں کلاشنکوف اٹھائے پھرتے ہیں جو کسی بھی طرح صوبے اور ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہو ں نے کہا کہ دنیا میں جتنے بھی ممالک نے ترقی کی ہے اس کے پیچھے تعلیم کارفرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی ملک اورقوم ترقی نہیں کرسکتی ہمیں چاہئے کہ اپنے بچوں کے ہاتھ میں کلاشنکوف کی بجائے قلم اور کتاب دیں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر ملک اورقوم کی خدمت کرسکیں۔انہوں نے الحمد یونیورسٹی کے زیراہتمام چلانے والے تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ الحمد یونیورسٹی اوراسکے دیگر ادارے صوبے میں تعلیم کے فروغ میں اہم کردارادا کر رہے ہیں حکومت اور مخیر حضرات کو چاہئے کہ وہ ایسے اداروں کی زیاد ہ سے زیادہ سرپرستی کریں تاکہ وہ مزید بہتر طریقے سے نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرسکیں۔ لالہ یوسف خلجی نے الحمد یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹرشکیل روشن کو ہرقسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

