سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں طالبہ کی تصنیف “The Ocean of Thoughts” کی تقریبِ رونمائی

کوئٹہ(گدروشیا پوائنٹ)سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں طالبہ کی تصنیف کی تقریبِ رونمائی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہمانِ خصوصی. سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں ایک باوقار تقریب کے دوران طالبہ کی لکھی گئی کتاب “The Ocean of Thoughts” کی رونمائی کی گئی، جس میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں یونیورسٹی کی وائس چانسلر، اساتذہ، طلبہ و طالبات سمیت معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ معاشروں کی فکری و علمی ترقی کا دارومدار مطالعے اور تحریر و تصنیف کے فروغ پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو کتاب سے وابستگی پیدا کرنی چاہیے، کیونکہ کتاب ہی انسان کی بہترین رہنما ہے۔انہوں نے مصنفہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب نہ صرف ادبی ذوق رکھنے والوں کے لیے تحفہ ہے بلکہ یہ نئی سوچ اور مثبت فکر کو جنم دینے والی کاوش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی علمی سرگرمیاں معاشرتی بیداری اور فکری تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ و طالبات قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور علم و تحقیق کے ذریعے ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب سے محبت دراصل علم، قوم اور معاشرے سے محبت ہے۔ڈپٹی کمشنر نے طالبہ کی ادبی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی ایسی تخلیقی سرگرمیاں ان کی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں اور بلوچستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتی ہیں۔ آخر میں یونیورسٹی انتظامیہ کو علمی و تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں